مسنَد الشَّامِیِّینَ 532. حَدِیث خَیثَمَةَ بنِ عَبدِ الرَّحمَنِ، عَن اَبِیهِ رَضِیَ اللَّه تَعَالَى عَنهمَا
خیثمہ اپنے والد کے حوالے سے نقل کرتے ہیں کہ زمانہ جاہلیت میں میرے والد کا نام عزیز تھا، جسے بدل کر نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے عبدالرحمن کردیا۔
حكم دارالسلام: حديث صحيح، وهذا إسناد حسن
حضرت عبدالرحمن رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا تمہارے سب ناموں میں سے بہترین نام عبداللہ، عبدالرحمن اور حارث ہیں۔
حكم دارالسلام: حديث صحيح، وهذا إسناد حسن
خیثمہ سے مروی ہے کہ ان کے والد عبدالرحمن ان کے دادا کے ساتھ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے، نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے میرے دادا سے پوچھا کہ تمہارے بیٹے کا کیا نام ہے؟ انہوں نے بتایا کہ عزیز! نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اس کا نام عزیز نہ رکھو، بلکہ عبدالرحمن رکھو، پھر فرمایا کہ سب سے بہترین نام عبداللہ، عبدالرحمن اور حارث ہے۔
حكم دارالسلام: حديث صحيح، لكن ظاهره الإرسال، وجاء موصولاً
خیثمہ سے مروی ہے ان کے والد عبدالرحمن ان کے دادا کے ساتھ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے، نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے میرے دادا سے پوچھا کہ تمہارے بیٹے کا کیا نام ہے؟ انہوں نے بتایا کہ فلاں، فلاں اور عبدالعزی نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا وہ عبدالرحمن ہے پھر فرمایا کہ سب سے بہترین نام عبداللہ، عبدالرحمن اور حارث ہے۔
حكم دارالسلام: إسناده ضعيف، حجاج مدلس، وقد عنعن، وقع قوله: زياد أو عباد بالشك فى الاسناد، الراجح فى هذا الإسناد عباد
خیثمہ سے مروی ہے کہ میرے دادا کے یہاں ایک لڑکا پیدا ہوا، انہوں نے اس کا نام عزیز رکھا، پھر وہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا کہ میرے یہاں بیٹا پیدا ہوا ہے، نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے میرے دادا سے پوچھا کہ تم نے اس کا کیا نام رکھا؟ انہوں نے بتایا عزیز! نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اس کا نام عبدالرحمن رکھو، وہی میرے والد تھے۔
حكم دارالسلام: حديث صحيح، وصورة الاسناد الإرسال، وجاء موصولاً
|