جُمَّاعُ أَبْوَابِ الْأَذَانِ وَالْإِقَامَةِ اذان اور اقامت کے ابواب کا مجموعہ |
صحيح ابن خزيمه
جُمَّاعُ أَبْوَابِ الْأَذَانِ وَالْإِقَامَةِ اذان اور اقامت کے ابواب کا مجموعہ 348. (115) بَابُ الْقِرَاءَةِ فِي صَلَاةِ الصُّبْحِ. صبح کی نماز میں قرأت کا بیان
سیدنا جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم صبح کی نماز میں «سورة ق» پڑھا کرتے تھے بعد میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہلکی اور مختصر نماز پڑھانا شروع کر دی۔
تخریج الحدیث: صحيح مسلم
جناب زیاد بن علاقہ اپنے چچا سیدنا قطبہ بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے فرمایا کہ میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو صبح کی نماز میں «سورة ق» پڑھتے ہوئے سنا۔ اور میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو «وَالنَّخْلَ بَاسِقَاتٍ» [ سورة ق ] پڑھتے ہوئے سنا۔
تخریج الحدیث: صحيح مسلم
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم صبح کی نماز میں سو سے ساٹھ آیات یا ساٹھ سے سو آیات تک تلاوت کرتے تھے۔ امام ابوبکر رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ ابومنہال، سیار بن سلامہ بصری ہیں۔
تخریج الحدیث: صحيح مسلم
امام صاحب نے اپنے تین اساتذہ کرام جناب احمد بن عبدہ، بندار اور یوسف بن موسیٰ سے مذکورہ بالا کی طرح روایت بیان کی ہے۔ تینوں نے فرمایا کہ ساٹھ سے سو آیات تک آپ صلی اللہ علیہ وسلم تلاوت فرماتے تھے۔
تخریج الحدیث: صحيح مسلم
سیدنا ابوبرزہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم صبح کی نماز میں ساتھ سے سو آیات کے درمیان تلاوت فرماتے تھے۔
تخریج الحدیث: صحيح مسلم
سیدنا جابر بن سمرۃ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم تمہاری نمازوں جیسی نماز پڑھایا کرتے تھے لیکن آپ صلی اللہ علیہ وسلم مختصر اور ہلکی نماز پڑھاتے تھے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نماز فجر میں «سورة الواقعة» اور اسی جیسی سورتیں پڑھا کرتے تھے. امام ابوبکر رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ اس حدیث کو فن حدیث سے ناواقف نے شخص نے روایت کیا تو اس سے بہت بڑی غلطی ہوئی ہے، اس نے اس روایت کو سلیمان تیمی کی سند سے سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مرفوعاً بیان کیا ہے (حالانکہ یہ روایت سیدنا ابوبرزہ اور سیدنا جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہما سے مروی ہے)۔
تخریج الحدیث: اسناده صحيح
جناب سلیمان تیمی سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کی مذکورہ بالا روایت بیان کرتے ہیں۔ اور یہ نہایت فحش غلطی ہے کیونکہ یہ روایت سلیمان تیمی جناب ابومنہال سیار بن سلامہ سے اور وہ سیدنا ابوبرزہ رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں۔ فن حدیث کے ماہرین حفاظ راویوں نے اس روایت کو اسی طرح بیان کیا ہے۔
تخریج الحدیث: صحيح مسلم
|
https://islamicurdubooks.com/ 2005-2024 islamicurdubooks@gmail.com
No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to https://islamicurdubooks.com will be appreciated.