جُمَّاعُ أَبْوَابِ الْأَذَانِ وَالْإِقَامَةِ اذان اور اقامت کے ابواب کا مجموعہ |
صحيح ابن خزيمه
جُمَّاعُ أَبْوَابِ الْأَذَانِ وَالْإِقَامَةِ اذان اور اقامت کے ابواب کا مجموعہ 289. (56) بَابُ الْأَذَانِ لِلصَّلَاةِ بَعْدَ ذَهَابِ الْوَقْتِ. نماز کا وقت گزر جانے کے بعد نمازوں کے لیے اذان دینے کا بیان
سیدنا ابوقتادہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے کہ ایک رات ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ چلے تو کچھ لوگوں نے عرض کی اے اللہ کے رسول، اگر آپ ہمیں آخر شب پڑاؤ ڈالنے کی اجازت دے دیں (تو بہت اچھا ہے) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”مجھے خدشہ ہے کہ تم صبح کی نماز سے سوئے رہ جاؤ گے۔“ پھر مکمّل حدیث بیان کی۔ اور کہا کہ پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بیدار ہوئے، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اے بلال اُٹھو، لوگوں کو نماز کے لئے (جمع ہونے کے لئے) اذان دو۔“
تخریج الحدیث: صحيح بخاري
حضرت ثابت بنانی رحمہ ﷲ سے روایت ہے کہ حضرت عبداﷲ بن رباح رحمہ ﷲ نے جامع مسجد میں لوگوں کو حدیث بیان کی جبکہ لوگوں میں سیدنا عمران بن حصین رضی اللہ عنہ بھی موجود تھے۔ سیدنا عمران رضی اللہ عنہ نے پوچھا کہ یہ نوجوان کون ہے؟ تو اُنہوں نے جواب دیا کہ انصار میں سے ایک شخص ہے۔ تو سیدنا عمران رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ لوگ اپنی حدیث سے خوب واقف ہیں، غور و فکر کرو تم کیسے حدیث بیان کر رہے ہو کیونکہ میں اُس رات رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ سات افراد میں سے ساتواں تھا۔ پھر سیدنا عمران رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ میرا خیال نہیں کہ میرے سوا اس حدیث کو یاد رکھنے والا کوئی شخص باقی ہے۔ تو اُنہوں نے کہا کہ میں نے سیدنا ابوقتادہ رضی اللہ عنہ کو بیان کرتے ہوئے سنا کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ایک سفر میں تھے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اگرتمہیں کل پانی نہ ملا توتم پیاسے ہو جاؤگے، لہٰذا جلد باز لوگ چل دیے۔ سیدنا ابوقتادہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ اور میں اُس رات رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ساتھ رہا، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم (اونٹ پر بیٹھے بیٹھے) اونگھنے لگے پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم سو گئے (اور اونٹ پر سے ایک طرف جُھک گئے) تو میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو سہارا دیا۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم دوسری بار اونگھنے لگے اور ایک طرف جُھک گئے تو میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو سہارا دیا۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم اُونگنے لگے اور ایک طرف جُھک گئے حتیٰ کہ قریب تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم گر جاتے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم بیدار ہو گئے۔ میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو سہارا دیکر سیدھا کیا تو فرمایا: ”یہ کون شخص ہے؟“ میں نے عرض کی کہ ابو قتادہ ہوں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پو چھا: ”تم کب سے اسی طرح چل ر ہے ہو؟“ میں نے عرض کی کہ رات سے، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اللہ تمہاری اسی طرح حفاظت فرمائے جس طرح تم نے اس کے نبی ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کی حفاظت کی ہے۔“ پھر فرمایا: ”اگر ہم آخر شب پڑاؤ ڈالیں تو بہتر ہے۔“ لہٰذا آپ صلی اللہ علیہ وسلم ایک درخت کی طرف جُھک گئے اور میں بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ جُھک گیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا: ”کیا تمہیں کوئی شخص نظر آ رہا ہے؟“ میں نے کہا کہ جی ہاں یہ ایک سوار ہے، یہ ایک سوار ہے۔ یہ دو سوار ہیں، یہ تین سوار ہیں حتیٰ کہ ہم سات ہو گئے، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ہماری نماز کی حفاظت کرنا، ہم نماز فجر سے سوئے نہ رہ جائیں۔“ لہٰذا وہ سب سو گئے حتیٰ کہ سورج کی حرارت نے اُنہیں بیدار کیا۔ تو وہ اُٹھ کھڑے ہوئے، اُنہوں نے تھوڑی دور تک جاکر پڑاو ڈالا، تو رسول ﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا: ”کیا تمہارے پاس پانی ہے؟“ میں نے عرض کی کہ جی ہاں۔ میرے پاس میرے وضو کے برتن میں پانی ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اُسے میرے پاس لاوٗ“ میں وہ برتن آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس لایا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اس سے لے لو، اس سے لے لو“ تو ہم سب نے وضو کرلیا اور اُس میں ایک گھونٹ باقی بچ گیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اے ابو قتادہ اسے سبنھال لو“ کیونکہ اس کے لئے ایک عجیب خبر ہے، سیدنا بلال رضی اللہ عنہ نے اذان دی تو اُنہوں نے فجر کی دو رکعت ادا کیں، پھر اٌنہوں نے نماز فجر ادا کی پھر وہ سوار ہو گئے (اور چل دیے) کچھہ لوگوں نے آپس میں باتیں کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنی نماز کی ادائیگی میں کوتاہی برتی ہے (اس کا کیا کفّارہ ہے) تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم کیا کہہ رہے ہو؟ اگر تو تمہارا کوئی دنیاوی معاملہ ہے تو تم بہتر جانتے ہو اور اگر تمہارا کوئی دینی معاملہ ہے تو اُسے میرے سپرد کرو۔“ ہم نے عرض کی کہ اے اﷲ کے رسول، ہم نے اپنی نماز میں کوتاہی کی ہے۔ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بیشک نیند میں کوتاہی نہیں ہے، بلکہ کوتاہی بیداری کی حالت میں ہوتی ہے۔ جب تم میں سے کوئی ایک اپنی نماز (ادا کرنا) بھول جائے تو جب اُسے یاد آئے پڑھ لے اور دوسرے دن اُس نماز کے وقت میں ادا کرلے۔“ پھر مکمّل حدیث ذکر کی۔
تخریج الحدیث: صحيح مسلم
|
https://islamicurdubooks.com/ 2005-2024 islamicurdubooks@gmail.com
No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to https://islamicurdubooks.com will be appreciated.