جُمَّاعُ أَبْوَابِ الْأَذَانِ وَالْإِقَامَةِ اذان اور اقامت کے ابواب کا مجموعہ |
صحيح ابن خزيمه
جُمَّاعُ أَبْوَابِ الْأَذَانِ وَالْإِقَامَةِ اذان اور اقامت کے ابواب کا مجموعہ 379. (146) بَابُ الدَّلِيلِ عَلَى أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَمَرَ بِرَفْعِ الْيَدَيْنِ عِنْدَ إِرَادَةِ الرُّكُوعِ، وَعِنْدَ رَفْعِ الرَّأْسِ مِنَ الرُّكُوعِ. اس بات کی دلیل کا بیان کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے رکوع کو جاتے وقت اور رکوع سے سراٹھاتے وقت رفع الیدین کرنے کا حکم دیا ہے
حضرت ابوقلابہ رحمہ اللہ سے مروی ہے کہ انہوں نے سیدنا مالک بن حویرث رضی اللہ عنہ کو دیکھا جب نماز پڑھتے تو «اللهُ أَكْبَرُ» کہتے اور اپنے دونوں ہاتھ بلند فرماتے، اور جب رُکوع کرنے کا ارادہ فرماتے تو اپنے دونوں ہاتھ اُٹھاتے، اور جب رُکوع سے اپنا سر اُٹھاتے تو اپنے دونوں ہاتھ بلند کرتے، اور اُنہوں نے بیان فرمایا کہ بیشک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بھی اسی طرح نماز پڑھا کرتے تھے۔
تخریج الحدیث: صحيح بخاري
سیدنا مالک بن حویرث رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت اقدس میں حاضر ہوئے جبکہ ہم تقریبا ایک ہی عمر کے نوجوان تھے، ہم نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس بیس راتیں قیام کیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نہایت رحمدل اور مہربان تھے، پھر جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سمجھا کہ ہم اپنے گھر والوں کے پاس جانا چاہتے ہیں اور ان کی ملاقات کے مشتاق ہیں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہم سے پوچھا: ”ہم اپنے پیچھے کن کن عزیزوں کو چھوڑ کر آئے ہیں۔“ تو ہم نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو (اُن کے متعلق) بتایا۔ لہٰذا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اپنے گھر والوں کے پاس واپس چلے جاؤ، اُن کے ساتھ رہو، اُنہیں دین کی باتیں سکھاؤ اور (اُن پر عمل کرنے کا) اُنہیں حُکم دو۔“ (حضرت ابوقلابہ کہتے ہیں کہ حضرت مالک نے) کئی چیزیں ذکر کیں جو مجھے یاد ہیں اور کئی یاد نہیں رہیں۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بھی فرمایا: ”اور تم نماز پڑھو جیسے تم نے مجھے نماز پڑھتے ہوئے دیکھا ہے۔ جب نماز کا وقت ہو جائے تو تم میں سے کوئی ایک شخص اذان کہے اور تم میں سے بڑا شخص تمہاری امامت کروائے۔“ یہ بندار کی حدیث کے الفاظ ہیں۔ امام ابوبکر رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ بلاشبہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا مالک بن حویرث رضی اللہ عنہ اور ان کے ساتھی نوجوانوں کو حُکم دیا تھا کہ وہ نماز اسی طرح پڑھیں جیسا اُنہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو نماز پڑھتے ہوئے دیکھا تھا۔ اور سیدنا مالک بن حویرث رضی اللہ عنہ نے بیان فرمایا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب نماز میں تکبیر کہتے، اور جب رُکوع کو جاتے اور جب رُکوع سے اپنا سر مبارک اُٹھاتے تو اپنے دونوں ہاتھ اُٹھاتے تھے۔ لہٰذا اس میں اس بات کی دلیل ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے دونوں ہاتھ اٗٹھانے (رفع الیدین کرنے) کا حُکم دیا ہے، جب نمازی رُکوع کو جائے اور جب رُکوع سے اپنا سر اُٹھائے۔ اس مسئلے کے متعلق مروی وہ تمام الفاظ کی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم رُکوع کرتے وقت رفع الیدین کرتے تھے تو وہ اسی قبیل سے ہیں جو میں نے بیان کی ہے کہ عرب لوگ کبھی کبھار اسم فاعل کا اطلاق کسی کام کا ارادہ کرنے والے شخص پر بھی کرتے ہیں، اس کے وہ کام کرنے سے پہلے ہی، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے، «يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِذَا قُمْتُمْ إِلَى الصَّلَاةِ فَاغْسِلُوا» [ سورة المائدة ] ”اے ایمان والو، جب تم نماز کے لیے کھڑے ہو تو اپنے چہرے دھولو۔“ تو اللہ تعالیٰ نے حُکم دیا ہے کہ آدمی جب نماز کے لئے کھڑے ہونے کا ارادہ کرے تو اعضائے وضو دھولے یہ مطلب نہیں ہے کہ نماز میں کھڑے ہونے کے بعد اعضائے وضو دھولے، لہٰذا اللہ تعالیٰ کے اس فرمان ”جب تم نماز کے لئے کھڑے ہو“ کا معنی یہ ہے کہ جب تم نماز کے لیے کھڑے ہونے کا ارادہ کرو۔“ اسی طرح حدیث کے یہ الفاظ جب رُکوع کرتے تو رفع الیدین کرتے تو اس کے معنی یہ ہے کہ جب رُکوع کرنے کا ارادہ کرتے تو رفع الیدین کرتے“ جیسا کہ سیدنا علی بن طالب اور ابن عمر رضی اللہ عنہم کی احادیث میں مذکور ہوا ہے کہ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم رُکوع کا ارادہ کرتے (تو رفع الیدین کرتے تھے) ہم نے یہ تمام روایات کتاب الکبیر میں بیان کی ہیں۔ اسی طرح اس فرمان میں «فَإِذَا دَخَلْتُم بُيُوتًا فَسَلِّمُوا عَلَىٰ أَنفُسِكُمْ» [ سورة النور ] ”اور جب تم گھروں میں داخل ہو تو اپنے لوگوں کو سلام کہو۔“ گھروں میں داخل ہوتے وقت سلام کرنے کا حُکم دیا گیا ہے نہ کہ گھروں میں داخل ہونے کے بعد۔ اس مسئلے کے متعلق کتاب و سنّت سے مثالیں جمع کی جائیں تو کتاب بہت طویل ہو جائے گی۔
تخریج الحدیث: صحيح بخاري
|
https://islamicurdubooks.com/ 2005-2024 islamicurdubooks@gmail.com
No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to https://islamicurdubooks.com will be appreciated.