كتاب المناسك کتاب: حج و عمرہ کے احکام و مسائل 7. بَابُ: الْمَرْأَةِ تَحُجُّ بِغَيْرِ وَلِيٍّ باب: عورت محرم اور ولی کے بغیر حج نہ کرے۔
ابو سعید خدری رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”عورت تین یا اس سے زیادہ دنوں کا سفر باپ یا بھائی یا بیٹے یا شوہر یا کسی محرم کے بغیر نہ کرے“ ۱؎۔
تخریج الحدیث: «صحیح مسلم/الحج 74 (1340)، سنن ابی داود/الحج 2 (1726)، سنن الترمذی/الرضاع 15 (1169)، (تحفة الأشراف: 4004)، وقد أخرجہ: صحیح البخاری/جزء الصید 26 (1864 مختصراً)، مسند احمد (3/ 54)، سنن الدارمی/الاستئذان 46 (2720) (صحیح)»
وضاحت: ۱؎: محرم: شوہر یا وہ شخص جس سے ہمیشہ کے لیے نکاح حرام ہو مثلاً باپ دادا، نانا، بیٹا، بھائی، چچا، ماموں، بھتیجا، داماد وغیرہ یا رضاعت سے ثابت ہونے والے رشتہ دار۔ محرم سے مراد وہ شخص ہے جس سے نکاح حرام ہو، تو دیور یا جیٹھ کے ساتھ عورت کا سفر کرنا جائز نہیں، اسی طرح بہنوئی، چچا زاد یا خالہ زاد یا ماموں زاد بھائی کے ساتھ کیونکہ یہ لوگ محرم نہیں ہیں، محرم سے مراد وہ شخص ہے جس سے ہمیشہ کے لیے نکاح حرام ہو۔ اور اس حدیث میں تین دن کی قید اتفاقی ہے، اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ تین دن سے کم سفر غیر محرم کے ساتھ جائز ہے اور اس کی دلیل یہ ہے کہ ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کی حدیث میں ایک دن کا ذکر ہے۔ اور اہل حدیث کے نزدیک سفر کی کوئی حد مقرر نہیں جس کو لوگ عرف عام میں سفر کہیں وہ عورت کو بغیر محرم کے جائز نہیں، البتہ جس کو سفر نہ کہیں وہاں عورت بغیر محرم کے جا سکتی ہے جیسے شہر میں ایک محلہ سے دوسرے محلہ میں، یا نزدیک کے گاؤں میں جس کی مسافت ایک دن کی راہ سے بھی کم ہو۔ قال الشيخ الألباني: صحيح
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”کسی عورت کے لیے جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتی ہو، یہ درست نہیں ہے کہ وہ ایک دن کی مسافت کا سفر کرے، اور اس کے ساتھ کوئی محرم نہ ہو“۔
تخریج الحدیث: «تفرد بہ ابن ماجہ، (تحفة الأشراف: 13035)، وقد أخرجہ: صحیح البخاری/تقصیر الصلاة 4 (1088)، صحیح مسلم/الحج 74 (1339)، سنن ابی داود/الحج 2 (1723)، سنن الترمذی/الرضاع 15 (1669)، موطا امام مالک/الإستئتذان 14 (37)، مسند احمد (2/236، 340، 347، 423، 437، 445، 493) (صحیح)»
قال الشيخ الألباني: صحيح
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ ایک اعرابی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور کہنے لگا: میرا نام فلاں فلاں غزوہ میں جانے کے لیے درج کر لیا گیا ہے، اور میری بیوی حج کرنے جا رہی ہے، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے فرمایا: ”جاؤ اس کے ساتھ حج کرو“۔
تخریج الحدیث: «صحیح مسلم/الحج 74 (1341)، الجہاد 181 (3061)، (تحفة الأشراف: 6515)، وقد أخرجہ: صحیح البخاری/جزاء الصید 26 (3061)، مسند احمد (1/346) (صحیح)»
قال الشيخ الألباني: صحيح
|