كتاب المناسك کتاب: حج و عمرہ کے احکام و مسائل 86. بَابُ: فِدْيَةِ الْمُحْصَرِ باب: محصور کے فدیہ کا بیان۔
عبداللہ بن معقل کہتے ہیں کہ میں مسجد میں کعب بن عجرہ رضی اللہ عنہ کے پاس بیٹھا تو میں نے ان سے آیت کریمہ: «ففدية من صيام أو صدقة أو نسك» (سورۃ البقرہ: ۱۹۶) کے متعلق پوچھا تو آپ نے کہا کہ یہ آیت میرے بارے میں نازل ہوئی ہے، میرے سر میں تکلیف تھی تو مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس اس حال میں لایا گیا کہ جوئیں (میرے سر میں اتنی کثرت سے تھیں کہ) میرے منہ پر گر رہی تھیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میں نہیں سمجھتا تھا کہ تمہیں اس قدر تکلیف ہو گی، کیا ایک بکری تمہیں مل سکتی ہے“؟ میں نے عرض کیا: نہیں، تب یہ آیت اتری: «ففدية من صيام أو صدقة أو نسك» یعنی ”فدیہ ہے صوم کا یا صدقہ کا یا قربانی کا“، تو صوم تین دن کا ہے، اور صدقہ چھ مسکینوں کو کھانا دینا ہے، ہر مسکین کو آدھا صاع، اور قربانی ایک بکری کی ہے ۱؎۔
تخریج الحدیث: «صحیح البخاری/المحصر 5 (1814)، 6 (1815)، 7 (1816)، 8 (1817)، المغازي 35 (4159)، تفسیر البقرة 32 (4517)، المرضیٰ 16 (5665)، الطب 16 (5703)، الکفارات 1 (6808)، صحیح مسلم/الحج 10 (1201)، سنن الترمذی/الحج 107 (953)، (تحفة الأشراف: 11112)، وقد أخرجہ: سنن ابی داود/الحج 43 (1856)، سنن النسائی/الحج 96 (2854)، موطا امام مالک/الحج 78 (237)، مسند احمد (4/242، 243) (صحیح)»
وضاحت: ۱؎: محرم جب کوئی غلطی کر بیٹھے تو ان تینوں کفارات میں سے جو ادا کر سکے کرے۔ قال الشيخ الألباني: صحيح
کعب بن عجرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں جس وقت جوؤں نے مجھے پریشان کیا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے حکم دیا کہ میں اپنا سر منڈوا ڈالوں، اور تین دن روزے رکھوں، یا چھ مسکینوں کو کھانا کھلاؤں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم جانتے تھے کہ میرے پاس قربانی کے لیے کچھ نہیں ہے۔
تخریج الحدیث: «تفرد بہ ابن ماجہ، (تحفة الأشراف: 11118) (حسن)»
قال الشيخ الألباني: حسن
|