كِتَابُ الْجَامِعِ کتاب: مختلف ابواب کے بیان میں 52. بَابُ الِاسْتِئْذَانِ گھر میں جاتے وقت اذن لینے کا بیان
حضرت عطاء بن یسار سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا ایک شخص نے: کیا اجازت مانگوں میں اپنی ماں سے گھر جاتے وقت؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ہاں۔“ وہ بولا: میں تو اس کے ساتھ ایک گھر میں رہتا ہوں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اجازت لے کر جا۔“ وہ بولا: میں تو اس کی خدمت کرتا ہوں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اجازت لے کر جا، کیا تو چاہتا ہے کہ اس کو ننگا دیکھے؟“ وہ بولا: نہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”پس اجازت لے کر جا۔“
تخریج الحدیث: «مرفوع ضعيف، وأخرجه البيهقي فى «سننه الكبير» برقم: 13690، وابو داود فى «المراسيل» برقم: 488، وابن أبى شيبة فى «مصنفه» برقم: 17594، فواد عبدالباقي نمبر: 54 - كِتَابُ الِاسْتِئْذَانِ-ح: 1»
سیدنا ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اجازت تین بار لینا چاہیے، اگر اجازت ہو تو جاؤ نہیں تو لوٹ آؤ۔“
تخریج الحدیث: «مرفوع صحيح، وأخرجه البخاري فى «صحيحه» برقم: 2062، 6245، 7353، ومسلم فى «صحيحه» برقم: 2153، وابن حبان فى «صحيحه» برقم: 5806، 5807، 5810، وأبو داود فى «سننه» برقم: 5180، 5181، والترمذي فى «جامعه» برقم: 2690، والدارمي فى «مسنده» برقم: 2671، وابن ماجه فى «سننه» برقم: 3706، والبيهقي فى «سننه الكبير» برقم: 13692، 17742، وأحمد فى «مسنده» برقم: 19840، والحميدي فى «مسنده» برقم: 751، 791، وعبد الرزاق فى «مصنفه» برقم: 19423، وابن أبى شيبة فى «مصنفه» برقم: 26490، فواد عبدالباقي نمبر: 54 - كِتَابُ الِاسْتِئْذَانِ-ح: 2»
حضرت ربیعہ بن ابی عبدالرحمٰن سے روایت ہے کہ انہوں نے بہت سے علماء سے سنا کہ سیدنا ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ نے اجازت چاہی اندر آنے کی سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کے مکان پر تین بار، جب تینوں بار جواب نہ ملا تو وہ لوٹ گئے۔ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے ان کے پیچھے آدمی بھیجا، جب وہ آئے تو ان سے کہا: تم اندر کیوں نہ آئے؟ سیدنا ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ نے کہا کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے: ”اِذن تین بار لینا چاہیے، اگر اجازت ہو تو جاؤ نہیں تو لوٹ آؤ۔“ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے کہا: تمہارے سوا اور کسی نے یہ حدیث سنی ہے؟ اس کو لے کر آؤ، اگر نہ لاؤ گے تو میں تم کو سزا دوں گا۔ سیدنا ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ نکلے اور مسجد میں بہت سے آدمیوں کو بیٹھے دیکھا ایک مجلس میں، جس کو مجلس انصار کہتے تھے، اور کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے: ”اِذن تین بار لینا چاہیے، اگر اجازت ہو تو جاؤ نہیں تو لوٹ آؤ۔“ میں نے یہ حدیث سیدنا عمر رضی اللہ عنہ سے بیان کی، انہوں نے کہا کہ اگر کسی اور نے یہ حدیث سنی ہو تو ان کو لے کر آؤ، نہیں تو میں تم کو سزا دوں گا۔ اگر تم میں سے کسی نے یہ حدیث سنی ہو تو میرے ساتھ چلے۔ لوگوں نے سیدنا ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے کہا: تم جاؤ، وہ سب لوگوں میں کمسن تھے۔ سیدنا ابوسعید رضی اللہ عنہ سیدنا ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ کے ساتھ آئے اور حدیث سیدنا عمر رضی اللہ عنہ سے بیان کی۔ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے سیدنا ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ سے کہا: میں نے تم کو جھوٹا نہیں سمجھا، لیکن میں ڈرا ایسا نہ ہو کہ لوگ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر باتیں جوڑ لیا کریں۔
تخریج الحدیث: «مرفوع صحيح، وأخرجه البخاري فى «صحيحه» برقم: 2062، 6245، 7353، ومسلم فى «صحيحه» برقم: 2153، وابن حبان فى «صحيحه» برقم: 5806، 5807، 5810، وأبو داود فى «سننه» برقم: 5180، 5181، والترمذي فى «جامعه» برقم: 2690، والدارمي فى «مسنده» برقم: 2671، وابن ماجه فى «سننه» برقم: 3706، والبيهقي فى «سننه الكبير» برقم: 13692، 17742، وأحمد فى «مسنده» برقم: 11186، والحميدي فى «مسنده» برقم: 751، 791، وأبو يعلى فى «مسنده» برقم: 981، 7257، فواد عبدالباقي نمبر: 54 - كِتَابُ الِاسْتِئْذَانِ-ح: 3»
|