من كتاب المناسك حج اور عمرہ کے بیان میں 89. باب لاَ يُعْطَى الْجَازِرُ مِنَ الْبُدْنِ شَيْئاً: قربانی کے جانور کی کوئی چیز قصاب یا جزار کو نہ دی جائے
سیدنا علی رضی اللہ عنہ نے خبر دی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں حکم فرمایا کہ قربانی کریں (یا ذبح کے وقت نگرانی کریں) اور یہ کہ میں قربانی کے اونٹ کی ہر چیز ان کے گوشت، چمڑے، جھولوں کو بانٹ دوں اور ان میں سے کوئی چیز ذبح کے عوض نہ دوں۔
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 1983]»
اس روایت کی سند صحیح اور حدیث متفق علیہ ہے۔ دیکھئے: [بخاري 1717]، [مسلم 1317]، [أبوداؤد 1769]، [ابن ماجه 3099]، [أبويعلی 269]، [الحميدي 41] وضاحت:
(تشریح حدیث 1978) یعنی قصاب کی اجرت اس سے نہ دی جائے بلکہ الگ سے دی جائے۔ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ قربانی کی کھال، جھول، گوشت وغیرہ سب کچھ تقسیم کردینا چاہیے، ہاں اپنے کھانے کے لئے گوشت لینے اور رکھنے میں کوئی حرج نہیں۔ اسی طرح قربانی کی کھال بھی دباغت کے بعد گھر کے استعمال میں لائی جا سکتی ہے، لیکن قصائی کی اجرت میں کھال دینا بالکل روا نہیں، اس سے غرض یہ ہے کہ قربانی کے جانور کا ہر جز اللہ کے واسطے رہے، اجرت میں دینا گویا اس کو بیچنا ہے۔ (وحیدی)۔ واضح رہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سو اونٹ کی قربانی دی تھی جن میں سے تریسٹھ اپنے ہاتھ سے نحر کئے اور باقی سیدنا علی رضی اللہ عنہ نے نحر کئے۔ ان سب میں سے ایک ایک ٹکڑا گوشت کا لے کر ہانڈی پکائی گئی اور رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور سیدنا علی و دیگر اصحابِ کرام رضی اللہ عنہم نے اسے تناول فرمایا۔ قال الشيخ حسين سليم أسد الداراني: إسناده صحيح
|