من كتاب المناسك حج اور عمرہ کے بیان میں 42. باب الصَّلاَةِ في الْكَعْبَةِ: کعبہ (شریف) کے اندر نماز پڑھنے کا بیان
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مکہ میں داخل ہوئے، سیدنا اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے سوار تھے، کعبہ کے پاس آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اونٹنی کو بٹھایا، سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا: لوگ دوڑ پڑے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ، سیدنا بلال اور سیدنا اسامہ رضی اللہ عنہما کے ساتھ کعبہ میں داخل ہوئے، میں نے دروازے کے پیچھے سے پوچھا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کہاں نماز پڑھی؟ کہا: دونوں ستون کے درمیان۔
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 1908]»
اس روایت کی سند صحیح ہے اور حدیث متفق علیہ ہے۔ دیکھئے: [بخاري 397، 1599]، [مسلم 1329]، [أبوداؤد 2024]، [نسائي 691]، [ابن ماجه 3063]، [ابن حبان 2220]، [الحميدي 709]، [ابن خزيمه 3008]، [الحاكم 329/3] قال الشيخ حسين سليم أسد الداراني: إسناده صحيح
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور سیدنا اسامہ بن زید، سیدنا بلال اور سیدنا عثمان بن طلحہ الحجبی رضی اللہ عنہم کعبہ کے اندر داخل ہوئے ...... اور مذکورہ بالا حدیث بیان کی۔
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 1909]»
اس روایت کی سند بھی صحیح ہے۔ اور تخریج اوپر ذکر کی جا چکی ہے۔ وضاحت:
(تشریح احادیث 1903 سے 1905) ان احادیث سے کعبہ کے اندر داخل ہونا اور نماز پڑھنا ثابت ہوا، اور کعبہ کے اندر دروازہ بند کر کے جس طرف چاہیں منہ کر کے نماز پڑھ سکتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دونوں یمنی ستونوں کے درمیان نماز پڑھی۔ قال الشيخ حسين سليم أسد الداراني: إسناده صحيح
|