مقدمه مقدمہ 1. بَابُ مَا كَانَ عَلَيْهِ النَّاسُ قَبْلَ مَبْعَثِ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مِنَ الْجَهْلِ وَالضَّلَالَةِ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت سے پہلے لوگ جس جہالت و گمراہی میں مبتلا تھے اس کا بیان
سیدنا عبدالله بن مسعود رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، ایک شخص نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! کسی آدمی نے (اسلام لانے سے پہلے زمانہ) جاہلیت میں کوئی گناہ کیا، کیا اس کا مواخذہ کیا جائے گا؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس شخص نے اسلام لانے کے بعد اچھے کام کئے اس کے دور جاہلیت کے گناہوں (پر بھی) گرفت نہیں کی جائے گی اور جس نے اسلام لانے کے بعد (بھی) برے کام کئے اس کا اگلے اور پچھلے ہر دور کا مواخذہ اور گرفت ہو گی۔“
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح والحديث متفق عليه، [مكتبه الشامله نمبر: 1]»
یہ حدیث متفق علیہ ہے، دیکھئے: [بخاری 6921]، [مسلم 318، 319] قال الشيخ حسين سليم أسد الداراني: إسناده صحيح والحديث متفق عليه
وضین بن عطاء خزاعی نے روایت کیا کہ ایک شخص رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس حاضر ہوا اور عرض کیا: یا رسول اللہ! ہم دور جاہلیت میں تھے اور بتوں کی پوجا کرتے تھے، اولاد کوقتل کر دیا کرتے تھے، میری ایک بیٹی تھی، جب وہ بات سمجھنے لگی اور میری پکار سے خوش ہونے لگی تو ایک دن میں نے اسے بلایا، وہ میرے پیچھے پیچھے چلنے لگی، میں چلتے ہوئے اپنے عزیز کے ایک کنویں کے پاس آیا جو قریب ہی تھا، میں نے اس کا ہاتھ پکڑا اور اسے کنویں میں دھکا دے دیا، وہ ابا جان، ابا جان پکارتی رہی، یہی اس کے آخری کلمات تھے، (یہ سن کر) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی آنکھیں اشک بار ہو گئیں، آنسو بہنے لگے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہم نشین حضرات میں سے ایک نے کہا: تم نے اللہ کے رسول کو رنجیدہ کر دیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ٹھہرو، انہوں نے وہی چیز معلوم کی ہے جو ان کے لئے اہم ہے“، پھر ان سے کہا: ”اپنا قصہ دوبارہ سناؤ“، انہوں نے پھر کہہ سنایا یہاں تک کہ آپ کے آنسو جاری ہو کر ریش مبارک کو تر کر گئے پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے لئے فرمایا: ”بیشک اللہ تعالی نے دور جاہلیت کے گناہ معاف فرما دیئے ہیں اس لئے اب اچھے کام شروع کر دو۔“
تخریج الحدیث: «إسناده رجاله ثقات غير أنه مرسل وقد تفرد بروايته الدارمي، [مكتبه الشامله نمبر: 2]»
اس حدیث کو امام دارمی کے علاوہ کسی محدث نے روایت نہیں کیا، یہ مرسل ہے اور وضین صدوق سئی الحفظ ہیں لیکن حدیث کا آخری جملہ «إن الله قد وضع...» صحیح ہے۔ والله أعلم۔ قال الشيخ حسين سليم أسد الداراني: إسناده رجاله ثقات غير أنه مرسل وقد تفرد بروايته الدارمي
مجاہد سے مروی ہے کہ میرے آزاد کردہ غلام سائب بن ابی سائب نے بیان کیا کہ ان کے گھر والوں نے انہیں دودھ و مکھن کا ایک پیالہ دے کر اپنے بتوں کے پاس بھیجا، سائب نے کہا: بتوں کے خوف نے مجھے مکھن کھانے سے باز رکھا، لیکن ایک کتا آیا اور دودھ و مکھن کو چٹ کر گیا، پھر اساف و نائلہ بتوں پر پیشاب بھی کر گیا۔ راوی ہارون نے کہا: دور جاہلیت میں حالت یہ تھی کہ کوئی آدمی سفر پر جاتا تو اپنے ساتھ (مکہ سے) چار پتھر بھی لے جاتا، تین پتھر چولہا بنانے کے لئے اور چوتھا پتھر پوجا کے لئے، (ان کی حالت یہ تھی) وہ اپنے کتے کی تو پرورش کرتے لیکن اپنی اولاد کو مار ڈالتے تھے۔
تخریج الحدیث: «إسناده حسن، [مكتبه الشامله نمبر: 3]»
اس روایت کی تخریج صرف امام دارمی نے کی ہے اور اس کی سند حسن ہے امام احمد نے اسی سے ملتی جلتی روایت ذکر کی ہے جو صحیح ہے، دیکھئے: [المسند 425/2]۔ قال الشيخ حسين سليم أسد الداراني: إسناده حسن
ابورجاء سے روایت ہے کہ ہم دور جاہلیت میں کوئی اچھا پتھر پا جاتے تو اسی کی پوجا کرنے لگ جاتے تھے اور اگر کوئی اچھا سا پتھر نہ ملتا تو تھوڑی سی ریت جمع کرتے، پھر خوب دودھ والی اونٹنی لاتے اور اس کے پیر چوڑا کر کے اس ریت کے ڈھیر پر اس کا دودھ نکالتے اور اسے خوب سیراب کر دیتے تھے، پھر جب تک اس جگہ رہتے اس ڈھیر کی پوجا کرتے رہتے تھے۔
امام دارمی رحمہ اللہ نے کہا: «صفي» بہت زیادہ دودھ دینے والی اونٹنی کو کہتے ہیں، «فتفاج» کا مطلب ہے اونٹنی کی وہ صورت جب دودھ نکالنے کے لئے وہ اپنے پیر چوڑا دے، اسی لئے «فج» چوڑے راستے کو کہتے ہیں جس کی جمع «فجاج» ہے۔ تخریج الحدیث: «إسناده ضعيف عباد بن منصور كان يدلس وقد تغير بأخرة وهو موقوف على أبي رجاء عمران بن ملحان، [مكتبه الشامله نمبر: 4]»
یہ روایت بھی انفرادات امام دارمی سے ہے جو موقوف ہے اور اس کے راوی عباد بن منصور مدلس ہیں۔ ابورجاء کا نام عمران بن ملحان العطاردی ہے۔ اس معنی کی روایت ابونعیم اصبہانی نے ذکر کی ہے جس کی سند حسن ہے۔ دیکھئے: [حلية الأولياء: 306/2] وضاحت:
(تشریح احادیث 1 سے 4) ان روایات (حدیث 1 سے 4) میں دور جاہلیت میں بچوں کو قتل کرنے، پتھروں کی پوجا کرنے، کتوں کی پرورش کرنے جیسے اعمال کا تذکرہ ہے، جن سے اسلام نے یک قلم روک دیا ہے۔ پہلی حدیث سے «الاسلام يهدم ماقبله» کی تائید ہوتی ہے، یعنی اسلام لانے کے بعد ماقبل اسلام کئے گئے گناہ معاف کر دیئے جاتے ہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی رحمت وشفقت کہ دردناک قصہ سن کر رو پڑے۔ تیسری روایت میں معبودان باطلہ کی بے کسی و بے بسی ظاہر ہوتی ہے جو اپنے دفاع میں خود کچھ نہیں کر سکتے کسی کی مدد کیا کریں گے؟ (والله اعلم)۔ قال الشيخ حسين سليم أسد الداراني: إسناده ضعيف عباد بن منصور كان يدلس وقد تغير بأخرة وهو موقوف على أبي رجاء عمران بن ملحان
|