من كتاب الرقاق دل کو نرم کرنے والے اعمال کا بیان 87. باب قَوْلِهِ تَعَالَى: {يَوْمَ تُبَدَّلُ الأَرْضُ غَيْرَ الأَرْضِ}: فرمانِ الٰہی: «يَوْمَ تُبَدَّلُ الْأَرْضُ غَيْرَ الْأَرْضِ وَالسَّمَاوَاتُ» کا بیان
مسروق رحمہ اللہ نے کہا: میں نے ام المومنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا: آپ کا اللہ کے اس فرمان: «﴿يَوْمَ تُبَدَّلُ الْأَرْضُ غَيْرَ الْأَرْضِ وَالسَّمَاوَاتُ ....﴾» (ابراہیم: 48/14) کے بارے میں کیا خیال ہے، لوگ اس دن کہاں ہوں گے؟ ترجمہ: جس دن زمین اس زمین کے سوا بدل دی جائے گی اور آسمان بھی، اور سب کے سب اللہ واحد و قہار (ایک و زبردست غلبہ والے) کے رو برو ہوں گے۔ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اس بارے میں پوچھا تھا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”(اس وقت لوگ) پل صراط پر ہوں گے۔“
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 2851]»
اس حدیث کی سند صحیح ہے۔ دیکھئے: [مسلم 2791]، [ترمذي 3121]، [ابن ماجه 4279]، [ابن حبان 7380]، [الحميدي 276] وضاحت:
(تشریح حدیث 2843) امام شوکانی رحمہ اللہ نے فرمایا: اس آیتِ شریفہ میں تبدیلِ ارض سے مراد دو احتمال ہیں، ایک یہ کہ یہ تبدیلی صفات کے لحاظ سے واقع ہو، یعنی یہ آسمان و زمین اپنی صفات کے اعتبار سے بدل جائیں گے، دوسرے یہ کہ ذاتی طور پر یہ تبدیلی آئے گی، نہ یہ زمین رہے گی نہ یہ آسمان، زمین بھی کوئی اور ہوگی اور آسمان بھی کوئی اور۔ حدیث میں ہے قیامت کے دن لوگ سفید بھوری زمین پر اکھٹے ہوں گے جو میدہ کی روٹی کی طرح ہوگی۔ واللہ اعلم۔ قال الشيخ حسين سليم أسد الداراني: إسناده صحيح
|