من كتاب الرقاق دل کو نرم کرنے والے اعمال کا بیان 71. باب إِذَا تَقَرَّبَ الْعَبْدُ إِلَى اللَّهِ: اللہ تعالیٰ سے قربت کی فضیلت
سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے رب سے روایت کرتے ہوئے فرمایا: ”الله تعالیٰ نے فرمایا: اے انسان! جب تک تو مجھ کو پکارتا رہے گا اور مجھ سے (اچھی) امید رکھے گا تو میں تیرے اس سے پہلے کے گناہ معاف کر دوں گا۔ اے انسان! اگر تو زمین بھر گناہ لے کر میرے پاس آیا تو میں بھی تجھ سے زمین بر بخشش کے ساتھ ملاقات کروں گا بشرطیکہ تو نے میرے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرایا، اے آدم کے بیٹے! اگر تو اتنے گناہ کرے کہ تیرے گناہ آسمان کی بلندی کو چھونے لگیں پھر تو مجھ سے مغفرت و بخشش طلب کرے تب بھی میں تجھے بخش دوں گا اور مجھے کچھ پرواہ نہ ہوگی۔“
تخریج الحدیث: «إسناده حسن، [مكتبه الشامله نمبر: 2830]»
اس روایت کی سند حسن ہے اور یہ حدیثِ قدسی ہے۔ دیکھئے: [ترمذي 3534]، [أحمد 167/5، 172، وبعض منه فى مسلم] وضاحت:
(تشریح حدیث 2822) طاعات و نیکیوں کے ذریعہ اللہ تعالیٰ کا تقرب کوئی حاصل کرے تو الله تعالیٰ بھی رحمت و محبت، بخشش و مغفرت کے ساتھ اس سے قریب ہو جاتا ہے، یہ الله تعالیٰ کا بڑا فضل و کرم ہے، اور ڈھیر سارے گناہوں کے باوجود اگر انسان سچے دل سے توبہ و استغفار کرے تو الله تعالیٰ نہ صرف اس کے گناہ معاف فرما دیتا ہے بلکہ اس کے لئے یہ خوشخبری ہے: «التَّائِبُ مِنَ الذَّنْبِ كَمَنْ لَا ذَنْبَ لَهُ» لیکن اس کا مطلب یہ نہیں انسان گناہوں کو اپنا شیوہ بنا لے، کیونکہ ایسا شخص توبہ اور انابہ الى الله کی توفیق سے محروم رہتا ہے، بلکہ اس کا صحیح مطلب یہ ہے کہ انسان سے نادانی اور غفلت میں کتنے ہی گناہ سرزد ہو جائیں حتیٰ کہ اس کے گناہ آسمان کی بلندیوں تک پہنچ جائیں تو بھی اس کو اللہ کی رحمت سے نا امید نہیں ہونا چاہیے، بلکہ خلوصِ دل سے توبہ کرنی چاہے۔ « ﴿وَيَتُوبَ اللّٰهُ عَلَى الْمُؤْمِنِينَ وَالْمُؤْمِنَاتِ وَكَانَ اللّٰهُ غَفُورًا رَحِيمًا﴾ [الأحزاب: 73] » ترجمہ: ”اور اللہ تعالیٰ مؤمن مردوں اور مؤمن عورتوں کی توبہ قبول کر لیتا ہے، اور اللہ تو بہت بخشنے والا اور بہت رحم کرنے والا ہے۔ “ قال الشيخ حسين سليم أسد الداراني: إسناده حسن
|