من كتاب السير سیر کے مسائل 79. باب في فَضْلِ قُرَيْشٍ: قریش کی فضیلت کا بیان
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”قریش اور انصار، مزینہ، جہینہ، اسلم اور غفار و اشجع ان تمام قبائل کا مولی اللہ اور اس کے رسول کے سوا کوئی نہیں۔“
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح على شرط البخاري والحديث متفق عليه، [مكتبه الشامله نمبر: 2564]»
اس روایت کی سند صحیح اور حدیث متفق علیہ ہے۔ دیکھئے: [بخاري 3504]، [مسلم 2520]، [أبويعلی 867]، [أحمد 291/2، وغيرهم] قال الشيخ حسين سليم أسد الداراني: إسناده صحيح على شرط البخاري والحديث متفق عليه
سیدنا ابوبکرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بتاؤ اگر (قبیلہ) اسلم و غفار دونوں حلیف اسد و غطفان سے بہتر ہوں تو کیا تمہارا خیال ہے کہ یہ آخر الذکر ٹوٹے و خسارے میں رہے؟“ (یعنی اسد و غطفان کے لوگ)، صحابہ نے عرض کیا: جی ہاں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بیشک وہ (اسلم و غفار) ان سے بہتر ہیں۔“ پھر فرمایا: ”بتاؤ اگر مزینہ و جہینہ بنوتمیم و بنوعامر بن صعصعہ سے بہتر ہوں“ تو آپ کی آواز بلند ہوگئی، ”کیا یہ آخر الذکر خسارے میں ہوں گے؟“ عرض کیا: یقیناً برباد ہوں گے، فرمایا: ”یہ ان سے بہتر ہیں۔“
تخریج الحدیث: «إسناده ضعيف ولكن الحديث متفق عليه، [مكتبه الشامله نمبر: 2565]»
اس روایت کی سند ضعیف ہے لیکن دوسری سند سے حدیث صحیح اور متفق علیہ ہے۔ دیکھئے: [بخاري 3515]، [مسلم 2522]، [ابن حبان 7390، وغيرهم] وضاحت:
(تشریح احادیث 2557 سے 2559) دورِ جاہلیت میں جہینہ، مزینہ، اسلم اور غفار کے قبیلے بنوتمیم، بنوغطفان اور بنوعامر بن صعصعہ وغیرہ قبیلوں کے مقابلے میں کم درجہ سمجھے جاتے تھے، پھر جب اسلام آیا تو پہلے چاروں قبیلوں نے اسلام قبول کرنے میں پیش قدمی کی اس لئے شرف و فضیلت میں بنوتمیم وغیرہ قبائل سے یہ لوگ بڑھ گئے۔ اس حدیث سے ان قبائل کی فضیلت و منزلت ثابت ہوئی۔ قال الشيخ حسين سليم أسد الداراني: إسناده ضعيف ولكن الحديث متفق عليه
|