من كتاب السير سیر کے مسائل 39. باب النَّهْيِ عَنِ التَّفْرِيقِ بَيْنَ الْوَالِدَةِ وَوَلَدِهَا: قیدی عورتوں میں ماں بیٹے میں جدائی کی ممانعت کا بیان
ابوعبدالرحمٰن حبلی سے روایت ہے کہ سیدنا ابوایوب انصاری رضی اللہ عنہ ایک لشکر میں تھے کہ بچوں اور ان کی ماؤں کو جدا کر دیا گیا، انہوں نے بچوں کو دیکھا تو وہ رو رہے تھے، لہٰذا ہر بچے کو اس کی ماں کے پاس واپس لوٹا دیا اور وہ کہتے تھے: بیشک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس نے جدا کر دیا ماں کو اس کی اولاد سے، اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کو اس کے دوستوں سے الگ کردے گا۔“
تخریج الحدیث: «إسناده جيد، [مكتبه الشامله نمبر: 2522]»
اس روایت کی سند جید ہے۔ دیکھئے: [ترمذي 1283، 1566]، [أحمد 412/5]، [الحاكم 55/2] وضاحت:
(تشریح حدیث 2514) اس حدیث سے ماں بیٹوں کے درمیان جدائی کی ممانعت ثابت ہوئی، خواہ وہ غلام ہوں یا قیدی، نہ قید میں انہیں ایک دوسرے سے الگ کرنا چاہیے اور نہ بیع و شراء میں، حدیث کا منطوق اسی پر دلالت کرتا ہے۔ والله اعلم۔ قال الشيخ حسين سليم أسد الداراني: إسناده جيد
|