جُمَّاعُ أَبْوَابِ قِيَامِ الْمَأْمُومِينَ خَلْفَ الْإِمَامِ وَمَا فِيهِ مِنَ السُّنَنِ مقتدیوں کا امام کے پیچھے کھڑا ہونا اور اس میں وارد سنّتوں کے ابواب کا مجموعہ 1072. (121) بَابُ ذِكْرِ أَخْبَارٍ تَأَوَّلَهَا بَعْضُ الْعُلَمَاءِ نَاسِخَةً لِأَمْرِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ الْمَأْمُومَ بِالصَّلَاةِ جَالِسًا إِذَا صَلَّى إِمَامُهُ جَالِسًا. ان روایات کا بیان جنہیں بعض علماء نے تاویل کرتے ہوئے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اس حُکم کو ناسخ قرار دیا ہے جس میں آپ نے مقتدی کو بیٹھ کر نماز پڑھنے کا حُکم دیا ہے، جبکہ اس کا امام بھی بیٹھ کر نماز پڑھ رہا ہو
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب اس مرض میں بیمار ہوئے جس میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات ہوئی، سیدنا بلال رضی اللہ عنہ آپ کو نماز کی اطلاع کرنے آئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ابوبکر (رضی اللہ عنہ) سے کہو کہ وہ لوگوں کو نماز پڑھائیں۔“ ہم نے عرض کی کہ اے اللہ کے رسول، بیشک سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نہایت نرم دل اور بہت جلد رو دینے والے شخص ہیں، وہ جب آپ کی جگہ پر کھڑے ہوں گے تو رونے لگ جائیں گے اور نماز نہیں پڑھا سکیں گے۔ اس لئے اگر آپ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کو حُکم دیں تو بہتر ہوگا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ابوبکر سے کہو کہ وہ لوگوں کو نماز پڑھائیں -“ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تین بار یہ حُکم دیا - پھر فرمایا: ”بلاشبہ تم حضرت یوسف (علیہ السلام) کے قصّہ والی عورتوں جیسی ہو -“ سیدنا عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں، لہٰذا ہم نے سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کو پیغام بھیجا (وہ تشریف لائے) اور لوگوں کو نماز پڑھائی - (اس دوران) نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کچھ افاقہ محسوس کیا تو دو آدمیوں کا سہارا لیکر تشریف لائے جبکہ آپ کے قدم مبارک زمین پر گھسٹ رہے تھے - جب سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے آپ کی آمد کو محسوس کیا تو پیچھے ہٹنے لگے، اس پر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں اشارہ کیا کہ اپنی جگہ کھڑے رہو، لہٰذا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے اور سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ کے پہلو میں بیٹھ گئے - اس طرح سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اقتدأ کر رہے تھے اور لوگ سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ کی اقتدأ میں نماز ادا کر رہے تھے۔ رضی اللہ عنہم اجمعین۔ یہ حدیث جناب وکیع کی ہے اور جناب ابومعاویہ کی روایت میں یہ الفاظ ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بیٹھے ہوئے تھے اور سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ کھڑے تھے - امام ابوبکر رحمه الله فرماتے ہیں کہ محدثین کے ایک گروہ کا یہ کہنا ہے کہ جب بیمار امام بیٹھ کر نماز پڑھائے تو اس کے پیچھے قیام کی طاقت رکھنے والے مقتدی کھڑے ہو کر نماز پڑھیں گے۔ وہ کہتے ہیں کہ جناب اسود اور عروہ کی سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی حدیث ان احادیث کی ناسخ ہے جنہیں ہم نے گزشتہ اوراق میں ذکر کیا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے صحابہ کرام کو بیٹھ کر نماز پڑھنے کا حُکم دیا ہے جبکہ اُن کا امام بھی بیٹھ کر نماز پڑھا رہا ہو، فرماتے ہیں کہ چونکہ گزشتہ احادیث اُس وقت کی ہیں، جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم گھوڑے سے گرگئے تھے (اور موچ آنے کی وجہ سے آپ نے بیٹھ کر نماز پڑھائی تھی) اور اس حدیث میں مذکور واقعہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اس بیماری کے وقت کا ہے جس بیماری میں آپ وفات پاگئے تھے۔ اس لئے وہ کہتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا آخری عمل آپ کے سابقہ قول وفعل کے ناسخ ہے۔ امام بکر رحمه الله فرماتے ہیں کہ میں اللہ تعالیٰ سے غلطی سے بچاؤ اور درست راہ کی توفیق کا سوال کرتے ہوئے کہتا ہوں کہ اس مسئلہ میں میرے نزدیک درست ہے کہ اگر یہ بات صحیح ثابت ہو جائے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنی آخری بیماری میں خود ہی امام تھے تو پھر مسئلہ اسی طرح ہوگا جس طرح یہ اہل حدیث گروہ کہتا ہے۔ لیکن ہمارے نزدیک یہ بات ثابت نہیں ہے۔ کیونکہ اس نماز کے متعلق راویوں کا اختلاف ہے اور ان کے تین گروہ بن گئے ہیں۔ (جو درج ذیل ہیں)۔
تخریج الحدیث: صحيح بخاري
جناب عروہ اور اسود کی سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی روایت میں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ہی امام تھے اور اسی قسم کی سند سے سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے۔ وہ فرماتی ہیں کہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے (بطور امام) کھڑے تھے اور کچھ لوگ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ کے آگے کھڑے تھے۔
تخریج الحدیث: انظر الحديث السابق
امام صاحب نے سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کی روایت کی سند بیان کی ہے۔
تخریج الحدیث: اسناده صحيح علي شرط مسلم
جناب مسروق بن اجدع، سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کرتے ہیں کہ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے لوگوں کو نماز پڑھائی تھی اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم صف میں شامل تھے۔
تخریج الحدیث: اسناده صحيح
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے لوگوں کو نماز پڑھائی اور رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم ان کے پیچھے صف میں تھے۔
تخریج الحدیث: اسناده صحيح
جناب عبیداللہ بن عبداللہ، سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کرتے ہیں کہ سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو نماز پڑھائی جبکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اُن کے پیچھے صف میں موجود تھے۔ امام ابوبکر رحمه الله فرماتے ہیں کہ چنانچہ یہ روایت درست نہیں ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنی آخری بیماری میں ادا کی گئی نماز میں امام تھے، اور آپ بیٹھے ہوئے تھے جبکہ سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کھڑے تھے۔ کیونکہ جناب مسروق اور عبید اللہ کی سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کردہ احادیث میں مذکور ہے کہ امام سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ تھے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم مقتدی تھے اور یہ روایت جناب عروہ اور اسود کی سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی روایات کے خلاف ہے۔ اس بنا پر کہ امام شعبہ بن حجاج نے اپنی سند سے سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی روایت میں بیان کر دیا ہے کہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے امام تھے۔ جبکہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ کے امام تھے جب وہ حدیث جس سے اُن لوگوں نے استدلال کیا ہے جن کا خیال ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ فعل اُس وقت کا ہے جب آپ گھوڑے سے گر گئے تھے، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ حُکم کہ ائمہ کی اقتدا کی جائے اور جب وہ بیٹھ کر نماز پڑھائیں تو مقتدی بھی بیٹھ کر نماز پڑھیں، یہ منسوخ ہے۔ جبکہ یہ بات نقل کے اعتبار سے صحیح ثابت نہیں ہے۔ لہٰذا کسی عالم دین کے لئے ایک مختلف فیہ حدیث کے ساتھ آپ کے کسی ایسے فعل اور حُکم کو منسوخ قرار دینا درست نہیں، جو آپ سے صحیح اور متواتر اسانید کے ساتھ ثابت ہو۔ کیونکہ محدثین کے اس گروہ نے جو دعویٰ کیا ہے اس فعل سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کی حدیث میں منع کیا ہے اور ہم نے بیان کیا ہے کہ وہ روایت مختلف فیہ ہے اور آپ نے بیان کیا ہے کہ یہ کام ایرانی اور رومی اپنے باشاہوں کے ساتھ کرتے ہیں کہ جب اُن کے بادشاہ بیٹھے ہوتے ہیں تو یہ (اُن کی تعظیم کے لئے) کھڑے رہتے ہیں۔ ہم اس حدیث کو اس کے مقام پر بیان کرچکے ہیں۔ لہٰذا جس کام سے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم منع کر چکے ہوں۔ ایرانیوں اور رومیوں کی اتباع کرتے ہوئے اس کام کا حُکم دینا کس طرح درست ہو سکتا ہے جبکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے منع کرنے کے بعد یہ بات بھی صحیح ثابت نہ ہو کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کام کا حُکم دیا ہو اور اسے جائز قرار دیا ہو۔ احادیث کی معرفت رکھنے والے علمائے کرام کا اس بارے میں کوئی اختلاف نہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بیٹھ کر نماز ادا کی ہے، اور لوگوں کو بھی بیٹھ کر نماز پڑھنے کا حُکم دیا ہے، جبکہ وہ قیام کی قدرت رکھتے ہوں اور ان کے لئے بیٹھ کر نماز کی ادائیگی ممکن ہو - یقیناً نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے مقتدیوں کو امام کی اقتداء میں بیٹھ کر نماز پڑھنے کا حُکم دیا ہے، جبکہ امام بھی بیٹھ کر نماز پڑھ رہا ہو اور جب امام بیٹھ کر نماز پڑھا رہا ہو تو مقتدیوں کو نماز میں کھڑے ہونے سے منع کیا ہے ـ اس حُکم کے منسوخ ہونے میں علماء نے اختلاف کیا ہے لیکن نقل کے اعتبار سے نبی کریم سے ایسی کوئی روایت ثابت نہیں ہے جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت آپ کے فعل اوإر حُکم کو منسوخ کرے۔ جسے ہم نے بیان کیا ہے۔ لہٰذا جو چیز آپ سے صحیح ثابت ہے اور اہل علم کا اس کی صحت پر اتفاق ہے وہ چیز یقینی ہے، اور جس چیز پر علمائے کرام کا اختلاف ہے اس کے بارے میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے بھی کوئی چیز ثابت نہیں تو وہ چیز مشکوک ہے اور مشکوک چیز کے ساتھ یقینی اور پختہ چیز کو ترک کرنا جائز نہیں ہے بلکہ یقینی چیز کو یقینی چیز کے ساتھ ہی ترک کیا جاتا ہے - اگر (احکام دین میں) گہرا غور و فکر کرنے والا کوئی شخص یہ کہے کہ قیام کی قدرت رکھنے والے شخص کے لئے بیٹھ کر نماز پڑھنا کس طرح جائز ہو سکتا ہے؟ اسے جواب دیا جائے گا کہ اگر اللہ چاہے تو اُس کے لئے یہ جائز ہو گا کہ وہ بہترین چیز کے ساتھ نماز پڑھ لے جبکہ یہ تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سنّت ہے جس کی اتباع کا حُکم دیا گیا ہے اور اس کی اتباع پر ہدایت نصیب کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ چنانچہ بتایا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت درحقیقت اللہ عزوجل ہی کی اطاعت ہے اور سائل کا یہ کہنا (بیٹھ کر مقتدی کا نماز پڑھنا) کیسے جائز ہو سکتا ہے جبکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے عادل راویوں کی متواتر اسانید سے صحیح ثابت ہے آپ نے (کھڑے ہوکر، بیٹھے امام کے پیچھے نماز پڑھنے کا) حُکم دیا ہے اور آپ کے فعل سے بھی ثابت ہے۔ یہ قائل کی لاعلمی ہے، کیونکہ تمام ماہرین علم حدیث کے نزدیک نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے صحیح ثابت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بیٹھ کر نماز پڑھنے کا حُکم دیا ہے جبکہ امام بیٹھ کر نماز پڑھائے اور ان کے نزدیک یہ بات بھی ثابت شدہ ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے صحابہ سمیت بیٹھ کر نماز ادا کی ہے، جبکہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم یا ان میں سے کوئی ایک بھی نہیں تھا۔ (سب بیٹھ کر نماز پڑھنے پر قادر تھے)۔ ایک گروہ نہیں تھا۔ (سب بیٹھ کر نماز پڑھنے پر قادر تھے)۔ ایک گروہ نے اس کے منسوخ ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ لیکن ان کا یہ دعویٰ کسی ایسی صحیح روایت سے ثابت نہیں جس روایت کی کوئی معارض ومخالف روایت موجود نہ ہو۔ لہٰذا جو چیز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے حُکم اور آپ کے فعل سے صحیح ثابت ہو اس کی مخالفت کرنا اس وقت تک جائز نہیں جب تک آپ کے حُکم اور فعل کو منسوخ کرنے والی کوئی صحیح روایت موجود نہ ہو اور اس حُکم کو منسوخ کرنے والی صحیح روایت معدوم ہے۔ ایسی روایت کا دستیاب نہ ہونا، اہل محدثین کے اس گروہ کے دعویٰ کو باطل کرتا ہے۔ لہٰذا جب امام بیٹھ کر نماز پڑھائے تو مقتدیوں کے لئے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے حُکم اور فعل کے مطابق امام کی اقتداء میں بیٹھ کر نماز پڑھنا جائز ہے۔ ”وَاللهُ الْمُوَفِّقُ لِلصَّوَابِ“ (اللہ تعالیٰ ہی درست راہ کی توفیق بخشتا ہے۔)“
تخریج الحدیث: اسناده صحيح علي شرط البخاري
|