من كتاب النكاح نکاح کے مسائل 4. باب تُنْكَحُ الْمَرْأَةُ عَلَى أَرْبَعٍ: عورت سے چار چیزوں کی بنیاد پر نکاح کیا جاتا ہے
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”عورتوں سے چار چیزوں کی بنیاد پر نکاح کیا جا تا ہے: دین، خوبصورتی، مال اور حسب نسب کی وجہ سے، اور تم دیندار عورت سے شادی کرو، تمہارے ہاتھ خاک آلود ہوں (یعنی اگر ایسا نہیں کیا تو تمہارے ہاتھوں کو مٹی لگے گی اور اخیر میں تم کو ندامت ہو گی)۔“
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح والحديث متفق عليه، [مكتبه الشامله نمبر: 2216]»
اس روایت کی سند صحیح اور حدیث متفق علیہ ہے۔ دیکھئے: [بخاري 5090]، [مسلم 1466]، [أبوداؤد 2047]، [نسائي 3230]، [أبويعلی 6578]، [ابن حبان 4036] قال الشيخ حسين سليم أسد الداراني: إسناده صحيح والحديث متفق عليه
سیدنا جابر رضی اللہ عنہ نے بھی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ حدیث بیان کی۔
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح والحديث متفق عليه، [مكتبه الشامله نمبر: 2217]»
ترجمہ و تخریج اوپر گذر چکی ہے۔ وضاحت:
(تشریح احادیث 2206 سے 2208) اس حدیث کا مطلب یہ ہے کہ عموماً لوگوں کی عادت یہ ہے کہ مال و جمال حسب نسب کے طالب ہوتے ہیں سو دیندار کو لازم ہے کہ ان سب خصلتوں پر دین کو مقدم جانے تاکہ نیک صحبت حاصل ہو اور نیکی کی برکت سے الله تعالیٰ اس کو حسنِ خلق اور حسنِ معاشرت بھی عنایت کرے گا اور نیکی کے سبب دینی و دنیوی فتنوں سے محفوظ رہے گا۔ «تَرِبَتْ يَدَاكَ» ”تمہارے ہاتھ خاک آلود ہوں“، یہ بد دعا نہیں ایک جملہ ہے جو عام بول چال میں استعمال ہوتا ہے، اور کسی چیز پر ابھارنا اس سے مقصود ہوتا ہے، اسی طرح «لَا أُمَّ لَهُ، لَا أَبَالَكْ، وَيْلٌ لِأُمِّهِ» وغیرہ ایسے الفاظ ہیں جو محاورةً استعمال ہوتے ہیں اور جن کا معنی مراد نہیں ہوتا۔ قال الشيخ حسين سليم أسد الداراني: إسناده صحيح والحديث متفق عليه
|