كِتَاب الطَّهَارَةِ کتاب: طہارت کے مسائل 141. باب فِي الأَذَى يُصِيبُ الذَّيْلَ باب: دامن میں گندگی لگ جائے تو کیا کرے؟
ابراہیم بن عبدالرحمٰن بن عوف کی ام ولد (حمیدہ) سے روایت ہے کہ انہوں نے ام المؤمنین ام سلمہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا کہ میں اپنا دامن لمبا رکھتی ہوں (جو زمین پر گھسٹتا ہے) اور میں نجس جگہ میں بھی چلتی ہوں؟ تو ام سلمہ رضی اللہ عنہا نے کہا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: ”اس کے بعد کی زمین (جس پر وہ گھسٹتا ہے) اس کو پاک کر دیتی ہے“۔
تخریج الحدیث: «سنن الترمذی/الطھارة 109 (143)، سنن ابن ماجہ/الطھارة 79 (531)، (تحفة الأشراف: 18296)، وقد أخرجہ: موطا امام مالک/الطھارة 4(16)، سنن الدارمی/الطھارة 63 (769) (صحیح)»
قال الشيخ الألباني: صحيح
قبیلہ بنو عبدالاشھل کی ایک عورت کہتی ہیں کہ میں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! ہمارا مسجد تک جانے کا راستہ غلیظ اور گندگیوں والا ہے تو جب بارش ہو جائے تو ہم کیا کریں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”کیا اس کے آگے پھر کوئی اس سے بہتر اور پاک راستہ نہیں ہے؟“، میں نے کہا: ہاں ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تو یہ اس کا جواب ہے“ ۱؎۔
تخریج الحدیث: «سنن ابن ماجہ/الطھارة 79 (533)،(تحفة الأشراف: 18380)، وقد أخرجہ: مسند احمد (6/435) (صحیح)»
وضاحت: ۱؎: یعنی پاک و صاف راستے میں چلنے سے کپڑا پاک ہو جائے گا جیسے پہلے گندے راستہ سے ناپاک ہو گیا تھا۔ قال الشيخ الألباني: صحيح
|