كتاب الزكاة کتاب: زکاۃ و صدقات کے احکام و مسائل 35. بَابُ: فَرْضِ صَدَقَةِ الْفِطْرِ قَبْلَ نُزُولِ الزَّكَاةِ باب: زکاۃ کی فرضیت کے اترنے سے پہلے صدقہ فطر کی فرضیت کا بیان۔
قیس بن سعد بن عبادہ رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ ہم عاشورہ کا روزہ رکھتے تھے، اور عید الفطر کا صدقہ ادا کرتے تھے، پھر جب رمضان کے روزے فرض ہوئے، اور زکاۃ کی (فرضیت) اتری، تو نہ ہمیں ان کا حکم دیا گیا نہ ہی ان کے کرنے سے روکا گیا، اور ہم (جیسے کرتے تھے) اسے کرتے رہے۔
تخریج الحدیث: «تفرد بہ النسائي، (تحفة الأشراف: 11093) (شاذ) (اس کے راوی ”عمرو بن شرحبیل“ لین الحدیث ہیں، نیز یہ حدیث ’’فرض رسول صلی الله علیہ وسلم صدقة الفطر (رقم 2502) کی مخالف ہے جو صحیحین کی حدیث ہے)»
قال الشيخ الألباني: صحيح
قیس بن سعد رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں زکاۃ کی فرضیت اترنے سے پہلے صدقہ فطر کا حکم دیا تھا، پھر جب زکاۃ کی فرضیت اتری تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں نہ کرنے کا حکم دیا اور نہ ہی روکا، اور ہم اسے کرتے رہے۔ ابوعبدالرحمٰن کہتے ہیں: ابوعمار کا نام عریب بن حمید ہے۔ اور عمرو بن شرحبیل کی کنیت ابومیسرہ ہے، اور سلمہ بن کہیل نے اپنی سند میں حکم کی مخالفت کی ہے اور حکم سلمہ بن کہیل سے زیادہ ثقہ راوی ہیں ۱؎۔
تخریج الحدیث: «سنن ابن ماجہ/الزکاة 21 (1828)، (تحفة الأشراف: 11098)، مسند احمد (2/421، 6/6) (شاذ)»
وضاحت: ۱؎: یعنی: سند میں ”عمرو بن شرحبيل“ ہونا بمقابلہ ”أبي عمار الهمداني“ اثبت ہے، حالانکہ اصل راوی ”عمرو بن شرحبیل بن سعید بن سعد بن عبادہ“ ہونا زیادہ قرین قیاس ہے، کیونکہ حدیث ”قیس بن سعد بن عبادہ“ سے مروی ہے، اور یہ عمرو ”لین الحدیث“ ہیں، اور اگر یہ حدیث ”عمرو بن شرحبیل ابو میسرۃ“ ہی سے مروی ہو تب بھی یہ صحیحین کی حدیث ”فرض صدقۃ الفطر“ کے مخالف ہے، اس لیے شاذ ہے۔ قال الشيخ الألباني: صحيح
|