أبواب تفريع استفتاح الصلاة ابواب: نماز شروع کرنے کے احکام ومسائل 132. باب تَخْفِيفِ الأُخْرَيَيْنِ باب: بعد کی دونوں رکعتیں ہلکی پڑھنے کا بیان۔
جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ عمر رضی اللہ عنہ نے سعد رضی اللہ عنہ سے کہا: لوگوں (یعنی اہل کوفہ) نے آپ کی ہر چیز میں شکایت کی ہے حتیٰ کہ نماز کے بارے میں بھی، سعد رضی اللہ عنہ نے کہا: میں پہلی دونوں رکعتیں لمبی کرتا ہوں اور پچھلی دونوں رکعتیں مختصر پڑھتا ہوں، میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم (کے طریقہ نماز کی) پیروی کرنے میں کوتاہی نہیں کرتا اس پر عمر رضی اللہ عنہ نے کہا: مجھے آپ سے یہی توقع تھی۔
تخریج الحدیث: «صحیح البخاری/الأذان 95 (755)، 103 (770)، صحیح مسلم/الصلاة 34 (453)، سنن النسائی/الافتتاح 74 (1003)، (تحفة الأشراف: 3847)، وقد أخرجہ: مسند احمد (1/175، 176، 179، 180) (صحیح)»
قال الشيخ الألباني: صحيح
ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ہم نے ظہر اور عصر میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے قیام کا اندازہ لگایا تو ہم نے اندازہ لگایا کہ آپ ظہر کی پہلی دونوں رکعتوں میں تیس آیات کے بقدر یعنی سورۃ الم تنزیل السجدہ کے بقدر قیام فرماتے ہیں، اور پچھلی دونوں رکعتوں میں اس کے آدھے کا اندازہ لگایا، اور عصر کی پہلی دونوں رکعتوں میں ہم نے اندازہ کیا تو ان میں آپ کی قرآت ظہر کی آخری دونوں رکعتوں کے بقدر ہوتی اور آخری دونوں رکعتوں میں ہم نے اس کے آدھے کا اندازہ لگایا۔
تخریج الحدیث: «صحیح مسلم/الصلاة 34 (452)، سنن النسائی/الصلاة 16 (416)، سنن ابن ماجہ/إقامة الصلاة 7 (828)، (تحفة الأشراف: 3974)، وقد أخرجہ: مسند احمد (3/2)، سنن الدارمی/الصلاة 62 (1325) (صحیح)»
قال الشيخ الألباني: صحيح
|