جُمَّاعُ أَبْوَابِ صَدَقَةِ التَّطَوُّعِ نفلی صدقہ کے متعلق ابواب کا مجموعہ 1711. (156) بَابُ اسْتِحْبَابِ إِتْيَانِ الْمَرْأَةِ زَوْجَهَا وَوَلَدَهَا بِصَدَقَةِ التَّطَوُّعِ عَلَى غَيْرِهِمْ مِنَ الْأَبَاعِدِ؛ إِذْ هُمْ أَحَقُّ بِأَنْ يُتَصَدَّقَ عَلَيْهِمْ مِنَ الْأَبَاعِدِ. عورت کا اپنے خاوند اور بچّوں کو نفلی صدقہ دینا دور کے رشتہ داروں کو دینے کی نسبت مستحب ہے کیونکہ دور کے رشتہ داروں کی بجائے وہ اس صدقہ کے زیادہ حقدار ہیں
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک روز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم صبح کی نماز کے بعد فارغ ہوئے تو مسجد میں عورتوں کے پاس تشریف لائے اور اُن کے پاس کھڑے ہوکر فرمایا: ”اے عورتوں کی جماعت، میں نے کم عقل اور ناقص دین والیوں میں تم سے بڑھ کر کسی کو عقلمند شخص کی عقل ختم کرنے والا نہیں دیکھا۔ اور بیشک میں نے دیکھا ہے کہ تمھاری اکثریت قیامت کے دن جہنّمی ہوگی لہٰذا حسب طاقت اللہ تعالیٰ کا تقرب حاصل کرنے کی کوشش کرو۔“ عورتوں میں سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کی زوجہ محترمہ بھی تھیں۔ وہ واپس سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کے پاس گئیں تو انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان انہیں سنایا اور اپنا زیور لیکر چل دیں۔ سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ نے پوچھا کہ یہ زیور لیکر کہاں جارہی ہو؟ کہتی ہیں کہ میں اس کو صدقہ کرکے اللہ اور اس کے رسول کا تقرب حاصل کرنا چاہتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تمھارا بھلا ہو، لاؤ مجھ پر اور میرے بچّوں پر صدقہ کردو ہم اس کے مستحق ہیں۔ اُنہوں نے جواب دیا کہ نہیں حتّیٰ کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے جاکر پوچھ لوں۔ لہٰذا وہ گئیں اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہونے کی اجازت طلب کی صحابہ کرام نے عرض کیا کہ اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم یہ زینب اجازت طلب کر رہی ہیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا: ”کونسی زینب اجازت مانگ رہی ہے؟“ جواب دیا کہ سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ کی زوجہ ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”انہیں اجازت دے دو۔“ چنانچہ وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئیں اور عرض کیا کہ اے اللہ کے رسول، میں نے صدقے کے بارے میں آپ کا فرمان سنا تو میں نے واپس جا کر ابن مسعود کو وہ سنایا، پھر میں نے اپنا زیور لیا اور اسے اللہ اور اس کے رسول کے تقرب کے حصول کے لئے صدقہ کرنا چاہا اس امید پر کہ اللہ مجھے اہل جہنّم سے نجات دیدے۔ تو ابن مسعود نے مجھ سے کہا کہ تم یہ زیور مجھے اور میرے بچّوں کو صدقہ دے دو کیونکہ اس کے حقدار ہیں۔ تو میں نے کہا کہ اچھا میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھ لوں تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم اسے ابن مسعود اور اس کے بچّوں پر صدقہ کردو وہ اس کے مستحق ہیں۔“
تخریج الحدیث: صحيح مسلم
امام ابوبکر رحمه الله فرماتے ہیں کہ سیدنا ابوسعید رضی اللہ عنہ کی روایت میں ہے، تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں فرمایا: ”ابن مسعود رضی اللہ عنہ نے سچ کہا ہے۔ تمھارا خاوند اور تمہارے بچّے تمہارے صدقے کے زیادہ حقدار ہیں۔“ یہ حدیث اس بات کی دلیل ہے کہ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کی حدیث میں سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ کے جن بچّوں کے متعلق نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا کہ ان بچّوں پر صدقہ کردو وہ سیدنا ابن مسعود کے سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کے بطن سے بچّے تھے۔ (یعنی وہ ان دونوں کے حقیقی بیٹے تھے)۔
تخریج الحدیث: صحيح بخاري
|