كتاب الحج عن رسول الله صلى الله عليه وسلم کتاب: حج کے احکام و مناسک 105. باب مَا جَاءَ فِي الْمُحْرِمِ يَمُوتُ فِي إِحْرَامِهِ باب: محرم حالت احرام میں مر جائے تو کیا کیا جائے؟
عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ ہم لوگ ایک سفر میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھے، آپ نے دیکھا کہ ایک شخص اپنے اونٹ سے گر پڑا، اس کی گردن ٹوٹ گئی اور وہ مر گیا وہ محرم تھا، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اسے پانی اور بیری کے پتوں سے غسل دو اور اسے اس کے انہی (احرام کے) دونوں کپڑوں میں کفناؤ اور اس کا سر نہ چھپاؤ، اس لیے کہ وہ قیامت کے دن تلبیہ پکارتا ہوا اٹھایا جائے گا“۔
۱- یہ حدیث حسن صحیح ہے، ۲- بعض اہل علم کا اسی پر عمل ہے۔ یہی سفیان ثوری، شافعی، احمد اور اسحاق بن راہویہ کا بھی قول ہے، ۳- بعض اہل علم کہتے ہیں کہ جب محرم مر جاتا ہے تو اس کا احرام ختم ہو جاتا ہے، اور اس کے ساتھ بھی وہی سب کچھ کیا جائے گا جو غیر محرم کے ساتھ کیا جاتا ہے ۱؎۔ تخریج الحدیث: «صحیح البخاری/الجنائز 21 (1268)، وجزاء الصید 20 (1849)، صحیح مسلم/الحج 14 (1206)، سنن ابی داود/ الجنائز 84 (3228)، سنن النسائی/الجنائز (1905)، والحج 47 (2715)، و101 (1861)، سنن ابن ماجہ/المناسک 89 (3084)، (تحفة الأشراف: 5582)، مسند احمد (1/346) (صحیح) وأخرجہ کل من: صحیح البخاری/الجنائز 19 (1265)، و20 (1266)، و21 (1267)، وجزاء الصید 13 (1839)، و21 (1851)، صحیح مسلم/الحج (المصدرالمذکور)، سنن النسائی/الحج 47 (2714)، و97 (2856)، و98 (2857)، و99 (2858، 2859)، و100 (2860)، مسند احمد (1/215، 266، 286)، سنن الدارمی/المناسک 35 (1894) من غیر ہذا الطریق۔»
وضاحت: ۱؎: یہ قول حنفیہ اور مالکیہ کا ہے، ان کی دلیل ابوہریرہ کی حدیث «إذا مات ابن آدم انقطع عمله» ہے اور باب کی حدیث کا جواب وہ یہ دیتے ہیں کہ ممکن ہے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو وحی کے ذریعہ یہ بتا دیا گیا ہو کہ یہ شخص مرنے کے بعد اپنے احرام ہی کی حالت میں باقی رہے گا، یہ خاص ہے اسی آدمی کے ساتھ، لیکن کیا اس خصوصیت کی کوئی دلیل ہے؟، ایسی فقہ کا کیا فائدہ جو قرآن وسنت کی نصوص کے ہی خلاف ہو۔ قال الشيخ الألباني: صحيح، ابن ماجة (3084)
|