كِتَاب النِّكَاحِ کتاب: نکاح کے احکام و مسائل 14. باب فِي نِكَاحِ الْمُتْعَةِ باب: نکاح متعہ کا بیان۔
ابن شہاب زہری کہتے ہیں کہ ہم عمر بن عبدالعزیز کے پاس تھے تو عورتوں سے نکاح متعہ ۱؎ کا ذکر ہم میں چل پڑا، تو ان میں سے ایک آدمی نے جس کا نام ربیعہ بن سبرہ تھا کہا: میں اس بات کی گواہی دیتا ہوں کہ میرے والد نے بیان کیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حجۃ الوداع کے موقع پر متعہ سے منع کر دیا ہے ۲؎۔
تخریج الحدیث: «صحیح مسلم/النکاح 3 (1406)، سنن النسائی/النکاح 71 (3370)، سنن ابن ماجہ/النکاح 44 (1962)، (تحفة الأشراف: 3809)، وقد أخرجہ: مسند احمد (3/404، 405)، سنن الدارمی/النکاح 16 (2242)» (حجة الوداع کا لفظ شاذ ہے صحیح مسلم میں فتح مکہ ہے، اور یہی صحیح ہے)
وضاحت: ۱؎: متعین مدت کے لئے نکاح کرنے کو نکاح متعہ کہتے ہیں۔ ۲؎: یہ نکاح کئی بار حلال ہوا پھر آخر میں حرام ہو گیا، اور اب اس کی حرمت قیامت تک کے لئے ہے، ائمہ اسلام اور علماء سنت کا یہی مذہب ہے۔ قال الشيخ الألباني: شاذ والمحفوظ زمن الفتح
سبرہ بن معبد جہنی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے عورتوں سے نکاح متعہ کو حرام قرار دیا ہے۔
تخریج الحدیث: «انظر ما قبلہ، (تحفة الأشراف: 3809) (صحیح)»
قال الشيخ الألباني: صحيح م وزاد زمن الفتح
|