كِتَابُ الْأَضَاحِي کتاب: قربانی کے احکام و مسائل 4. بَابُ: مَا يُسْتَحَبُّ مِنَ الأَضَاحِيِّ باب: کن جانوروں کی قربانی مستحب ہے؟
ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک ایسے مینڈھے کی قربانی کی جو سینگ دار نر تھا، اس کا منہ اور پیر کالے تھے، اور آنکھیں بھی کالی تھیں (یعنی چتکبرا تھا)۔
تخریج الحدیث: «سنن ابی داود/الأضاحي 4 (2796)، سنن الترمذی/الأضاحي 4 (1496)، سنن النسائی/الضحایا 13 (4395)، (تحفة الأشراف: 4297) (صحیح)»
قال الشيخ الألباني: صحيح
یونس بن میسرہ بن حلبس کہتے ہیں کہ میں صحابی رسول ابوسعید زرقی رضی اللہ عنہ کے ساتھ قربانی کے جانور خریدنے گیا، تو آپ نے ایک ایسے مینڈھے کی نشاندہی کی جس کی ٹھوڑی اور کانوں میں کچھ سیاہی تھی، اور وہ جسمانی طور پر نہ زیادہ بلند تھا، نہ ہی زیادہ پست، انہوں نے مجھ سے کہا: میرے لیے اسے خرید لو، شاید انہوں نے اس جانور کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مینڈھے کے مشابہ سمجھا ۱؎۔
تخریج الحدیث: «تفرد بہ ابن ماجہ، (تحفة الأشراف: 12046، ومصباح الزجاجة: 1085) (صحیح)»
وضاحت: ۱؎: سبحان اللہ، صحابہ کرام کا اتباع کہ قربانی کا جانور خریدنے میں بھی ویسا ہی جانور ڈھونڈھتے جیسا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے کیا تھا۔ قال الشيخ الألباني: صحيح
ابوامامہ باہلی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بہترین کفن جوڑا (تہبند اور چادر) ہے، اور بہترین قربانی سینگ دار مینڈھا ہے“۔
تخریج الحدیث: «سنن الترمذی/الأضاحي 18 (1517)، (تحفة الأشراف: 4866) (ضعیف)» (سند میں ابوعائذ ضعیف راوی ہے)
قال الشيخ الألباني: ضعيف
|