كتاب الديات کتاب: دیت (خون بہا) کے احکام و مسائل 5. بَابُ: دِيَةِ شِبْهِ الْعَمْدِ مُغَلَّظَةً باب: قتل عمد کے مشابہ یعنی غلطی سے قتل میں دیت سخت ہے۔
عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”عمداً و قصداً قتل کے مشابہ یعنی غلطی سے قتل کیا جانے والا وہ ہے جو کوڑے یا ڈنڈے سے مر جائے، اس میں سو اونٹ دیت (خون بہا) کے ہیں جن میں چالیس حاملہ اونٹنیاں ہوں گی“ ۱؎۔
تخریج الحدیث: «سنن النسائی/القسامة 27 (4795)، (تحفة الأشراف: 8911)، وقد أخرجہ: سنن ابی داود/الدیات 19 (4547، 4548)، مسند احمد (1/164، 166)، سنن الدارمی/الدیات 22 (2428) (صحیح)»
وضاحت: ۱؎: اصل دیت سو اونٹ، یا سو گائے، یا دو ہزار بکریاں، یا ہزار دینار یا بارہ ہزار درہم، یا دو سو جوڑے کپڑے ہیں، لیکن بعض جرائم میں یہ دیت سخت کی جاتی ہے، اسی کو دیت مغلظہ کہتے ہیں، وہ یہ کہ مثلاً سو اونٹوں میں چالیس حاملہ اونٹیاں ہوں۔ قال الشيخ الألباني: صحيح
اس سند سے بھی عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما سے اسی طرح مروی ہے۔
تخریج الحدیث: «سنن ابی داود/الدیات 19 (4547)، سنن النسائی/القسامة 27 (4797)، (تحفة الأشراف: 8889)»
قال الشيخ الألباني: صحيح
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ فتح مکہ کے دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کعبہ کی سیڑھیوں پر کھڑے ہوئے، اللہ کی تعریف کی، اس کی حمد و ثنا بیان کی، پھر فرمایا: ”اللہ تعالیٰ کا شکر ہے جس نے اپنا وعدہ سچا کر دکھایا، اپنے بندے کی مدد کی، اور کفار کے گروہوں کو اس نے اکیلے ہی شکست دے دی، آگاہ رہو! غلطی سے قتل ہونے والا وہ ہے جو کوڑے اور لاٹھی سے مارا جائے، اس میں (دیت کے) سو اونٹ لازم ہیں، جن میں چالیس حاملہ اونٹنیاں ہوں ان کے پیٹ میں بچے ہوں، خبردار! زمانہ جاہلیت کی ہر رسم اور اس میں جو بھی خون ہوا ہو سب میرے ان پیروں کے تلے ہیں ۱؎ سوائے بیت اللہ کی خدمت اور حاجیوں کو پانی پلانے کے، سن لو! میں نے ان دونوں چیزوں کو انہیں کے پاس رہنے دیا ہے جن کے پاس وہ پہلے تھے ۲؎۔
تخریج الحدیث: «سنن ابی داود/الدیات 19 (4549)، سنن النسائی/القسامة 27 (4797)، (تحفة الأشراف: 7372) (حسن)» (ابن جدعان ضعیف ہیں، لیکن شواہد کی وجہ سے یہ حسن ہے، ملاحظہ ہو: الإرواء: 7/257)
وضاحت: ۱؎: یعنی لغو ہیں اور ان کا کوئی اعتبار نہیں۔ ۲؎: چنانچہ کعبہ کی کلید برداری بنی شیبہ کے پاس اور حاجیوں کو پانی پلانے کی ذمے داری بنی عباس کے پاس حسب سابق رہے گی۔ قال الشيخ الألباني: حسن
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے دیت کے بارہ ہزار درہم مقرر کئے۔
تخریج الحدیث: «سنن ابی داود/الدیات 18 (4546)، سنن النسائی/القسامة 29 (4807)، سنن الترمذی/الدیات 2 (1388، 1389)، (تحفة الأشراف: 6165)، وقد أخرجہ: سنن الدارمی/الدیات 11 (4808) (ضعیف)» (اس سند میں اضطراب ہے، ملاحظہ ہو: الإرواء: 2245)
قال الشيخ الألباني: ضعيف
|