نفلی روزوں کے ابواب کا مجموعہ 1463. ہر مہینے کے تین روزے ایام بیض (13، 14، 15تاریخ) میں رکھنا مستحب ہے
جناب ابوحوتکیہ بیان کرتے ہیں کہ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے پوچھا، قاحہ والے دن ہمارے ساتھ کون حاضر تھا؟ سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ نے جواب دیا کہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس حاضر تھا کہ آپ کے پاس خرگوش کا گوشت لایا گیا۔ اور ایک مرتبہ کہا کہ ایک اعرابی خرگوش کا گوشت لے کر آیا۔ تو جو شخص لے کر آیا تھا اُس نے کہا کہ میں نے اسے دیکھا ہے گو یا کہ اسے حیض کا خون آتا ہے۔ تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے کھانا شروع کیا اور صحابہ سے فرمایا: ”تم بھی کھالو۔“ ایک شخص نے عرض کیا کہ میں نے روزہ رکھا ہوا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا: ”روزہ کیسے رکھتے ہو؟“ تو اُس نے بتایا (کہ فلاں فلاں دن روزہ رکھتا ہوں) آپ نے کہا تم چمکدار خوبصورت دنوں کا روزہ کیوں نہیں رکھتے؟ اُس نے عرض کی کہ وہ کون سے ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ہر مہینے کے تین روزے تیرہویں، چودھویں، اور پندرھویں تاریخ کا روزہ رکھنا۔“ امام ابوبکر رحمه الله فرماتے ہیں کہ میں نے یہ مکمّل باب کتاب الکبیر میں بیان کیا ہے اور میں نے بیان کیا ہے کہ موسی بن طلحہ نے سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ سے روزوں کا قصّہ سنا ہے اور خرگوش والا قصّہ نہیں سنا۔ جبکہ ابن حوتکیہ نے دونوں قصّے اکھٹے بیان کیے ہیں۔
تخریج الحدیث: اسناده ضعيف
جناب موسیٰ بن طلحہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے ربذہ مقام پر سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ سے سنا، اُنہوں نے فرمایا کہ مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب تم مہینے میں تین روزے رکھو تو تیرہ، چودہ اور پندرہ تاریخ کا روزہ رکھ لیا کرو۔“
تخریج الحدیث: اسناده حسن
|