نفلی روزوں کے ابواب کا مجموعہ 1462. ہر مہینے تین دن روزہ رکھنے والے پر اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم کا بیان کہ وہ ایک نیکی کا اجر دس گنا عطا کرکے اسے عمر بھر کے روزوں کا ثواب عطا کرتا ہے۔
سیدنا ابوقتادہ انصاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ہر مہینے میں تین دن کے روزے عمر بھر کے روزوں کے برابر ہیں۔“ یہ الفاظ جناب شعبہ کی روایت کے ہیں۔ اور جناب حماد بن زید کی روایت میں ہے کہ ”ہر مہینے کے تین روزے اور رمضان المبارک کے روزے اگلے رمضان تک عمر بھر کے روزوں کے برابر ہوجاتے ہیں۔“ امام بوبکر رحمه الله فرماتے ہیں کہ سیدنا ابوہریرہ اور عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما کی اس معنی کی احادیث میں کتاب الکبیر میں بیان کرچکا ہوں۔ امام صاحب فرماتے ہیں کہ سیدنا ابوسلمہ کی سیدنا عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہم سے روایت میں یہ الفاظ ہیں کہ ”پس ہر نیکی کا بدلہ دس گنا ہے، پس اس طرح یہ عمر بھر کے روزوں کے برابر ہوںگے۔ اسی طرح جناب ابوعثمان کی سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ کی حدیث میں ہے کہ اور اس بات کی تصدیق اللہ تعالیٰ کی کتاب قرآن مجید میں بھی ہے «مَن جَاءَ بِالْحَسَنَةِ فَلَهُ عَشْرُ أَمْثَالِهَا» [ سورة الأنعام: 160 ] ”جو ایک نیکی لائے گا اُسے دس گنا اجر ملے گا“
تخریج الحدیث: تقدم۔۔۔
|