سیدنا ابوسعید رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ایک دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں خطبہ ارشاد فرمایا تو سورۃ ص کی تلاوت کی ـ پھر جب سجدے والی آیت پڑھی تو آپ منبر سے اُترے اور سجدہ کیا تو ہم نے بھی سجدہ کیا۔ پھر دوبارہ اس سورت کی تلاوت کی تو جب سجدے والی آیت پر پہنچے تو ہم سجدے کے لئے تیار ہوئے۔ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں (سجدے کے لئے تیار) دیکھا تو فرمایا: ”یہ تو ایک نبی کی توبہ کا ذکر ہے لیکن میں تمہیں سجدے کے لئے تیار دیکھ رہا ہوں۔ لہٰذا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نیچے تشریف لائے اور سجدہ کیا اور ہم نے بھی سجدہ کیا۔ امام ابوبکر رحمه الله فرماتے ہیں کہ ابن وہب کے کسی شاگرد نے اس حدیث کو ابن وہب سے عمرو بن حارث کی سند سے بیان کرتے وقت سعید بن ابی ہلال اور عیاض کے درمیان اسحاق بن عبداللہ ابوفروہ کا اضافہ کر دیا ہے ـ جبکہ ہمارے اصحاب اسحاق کی حدیث کو دلیل و حجت نہیں بناتے ـ اور میرے خیال میں اس نے اسحاق بن عبداللہ کو اس سند میں داخل کرکے غلطی کی ہے ـ