من كتاب البيوع خرید و فروخت کے ابواب 16. باب إِذَا اخْتَلَفَ الْمُتَبَايِعَانِ: جب خرید و فروخت کرنے والوں میں اختلاف ہو جائے تو کیا کریں؟
سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے: ”جب بائع اور مشتری (خریدنے اور فروخت کرنے والے) میں اختلاف ہو جائے اور مبیع (یعنی سامان) بعینہ موجود ہو اور دونوں کے درمیان کوئی دلیل (یا گواہ) نہ ہو تو (صاحبِ مال) بائع کا قول معتبر مانا جائے گا، یا پھر دونوں اس (سودے) کو چھوڑ دیں گے۔“
تخریج الحدیث: «إسناده ضعيف ولكن الحديث صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 2591]»
اس روایت کی سند ضعیف لیکن دوسری سند سے حدیث صحیح ہے۔ دیکھئے: [أبوداؤد 3511]، [نسائي 4662]، [أبويعلی 4984] وضاحت:
(تشریح احادیث 2583 سے 2585) قیمت یا سامان کی نوعیت میں بائع اور مشتری کے درمیان جھگڑا ہو جائے اور دونوں میں سے کسی کے پاس واضح دلیل یا گواہ نہ ہو تو بائع کی بات مانی جائے گی، یا پھر یہ سودا دونوں منسوخ کر دیں گے۔ قال الشيخ حسين سليم أسد الداراني: إسناده ضعيف ولكن الحديث صحيح
|