نفلی روزوں کے ابواب کا مجموعہ 1470. ہمیشہ نفلی روزے رکھنے والوں کے لئے اللہ تعالی نے جنّت میں جو بالا خانے تیار کر رکھے ہیں، اُن کا بیان بشرطیکہ روایت صحیح ہو
تخریج الحدیث:
سیدنا علی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بیشک جنّت میں ایسے بالاخانے ہیں کہ ان کے بیرونی حصّے کا نظارہ اندر سے کیا جاسکتا ہے اور اندر سے بیرونی حصّہ دکھائی دیتا ہے۔ تو ایک اعرابی کھڑا ہوا اور اُس نے عرض کی کہ اے اللہ کے رسول، یہ بالا خانے کس کے لئے ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”یہ اُس کے لئے ہیں جو پاکیزہ شیریں گفتگو کرتا ہے، بھوکوں کو کھانا کھلاتا ہے، ہمیشہ روزے رکھتا ہے اور رات کو اُس وقت اللہ کی رضا کے لئے نفل پڑھتا ہے جبکہ لوگ سوئے ہوتے ہیں۔“
تخریج الحدیث: حسن
سیدنا ابومالک اشعری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بلاشبہ جنّت میں ایسے بالا خانے ہیں جن کا بیرونی منظر اندر سے دیکھا جاسکتا ہے اور اندرونی نظارہ باہر سے دکھائی دیتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے یہ بالا خانے اس شخص کے لئے تیار کیے ہیں جو کھانا کھلاتا ہے، نرم گفتگو کرتا ہے، پے درپے روزے رکھتا ہے اور رات کو نفل نماز پڑھتا ہے جبکہ لوگ سوئے ہوتے ہیں۔“
تخریج الحدیث: حسن لغيره
|