كتاب المساجد کتاب: مساجد کے فضائل و مسائل 4. بَابُ: فَضْلِ الصَّلاَةِ فِي الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ باب: مساجد میں نماز پڑھنے کی فضیلت۔
ام المؤمنین میمونہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ جس نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مسجد میں نماز پڑھی تو میں نے اس کے متعلق آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو کہتے ہوئے سنا ہے کہ: ”اس مسجد میں نماز پڑھنا دوسری مسجدوں میں نماز پڑھنے سے ہزار گنا افضل ہے، سوائے خانہ کعبہ کے“ ۱؎۔
تخریج الحدیث: «صحیح مسلم/الحج 94 (1396) (وعندہ ’’عن ابن عباس عن میمونة، وھو الصواب کما في التحفة، (تحفة الأشراف: 18057)، مسند احمد 6/333، ویأتی عند المؤلف في المناسک 124 (برقم: 2901) (صحیح)»
وضاحت: ۱؎: خانہ کعبہ کی ایک رکعت مسجد نبوی کی سو رکعت کے برابر ہے، ابن عمر رضی اللہ عنہم کی حدیث میں ہے «صلاۃ فی مسجدي ہذا أفضل من ألف صلاۃ في غیرہ إلا المسجدالحرام فإنہ أفضل منہ بمائۃ صلاۃ» ”میری مسجد (مسجد نبوی) میں نماز دوسری مسجدوں سے ہزار گنا افضل (بہتر) ہے، ہاں، مسجد الحرام میں نماز اس (مسجد نبوی) سے سو گنا افضل (بہتر) ہے“۔ قال الشيخ الألباني: صحيح
|