جماع أَبْوَابِ غُسْلِ الْجَنَابَةِ غسل جنابت کے متعلق ابواب کا مجموعہ 197. (196) بَابُ الْأَمْرِ بِالِاغْتِسَالِ إِذَا أَسْلَمَ الْكَافِرُ. کافر جب مسلمان ہو تو اسے غسل کرنے کا حکم ہے
سیدنا ابو سعید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ اُنہوں نے سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کو بیان کرتے ہوئے سنا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک گھڑ سوار لشکر بھیجا تو قبیلہ بنو حنیفہ کے ایک شخص کو پکڑ لائے جسے ثمامہ بن اثال کہا جاتا تھا، وہ اہل یمامہ کے سردار تھے۔ اُنہوں نے اسے مسجد کے ستونوں میں سے ایک ستون کے ساتھ باندھ دیا۔ لہٰذا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس کے پاس تشریف لائے، پھر طویل حدیث بیان کی۔ اور کہا کہ رسول الله صل اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ثمامہ کو کھول دو۔“ وہ مسجد کے قریب کھجور کے باغ میں گئے، غسل کیا پھر مسجد نبوی میں داخل ہوئے تو اُنہوں نے کہا: «أَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ وَأَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهُ وَرَسُولُهُ» ”میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں اور محمد ( صلی اللہ علیہ وسلم ) اُس کے بندے اور اس کے رسول ہیں۔“ پھر باقی حدیث بیان کی۔
تخریج الحدیث: صحيح بخاري
سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ثمامہ حنفی قیدی بنا لیے گئے (اور مسجد نبوی میں ستون سے باندھ دیے گئے) تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ہر صبح اُس کے پاس جاتے اور فرماتے کہ ثمامہ، تمہارے پاس کیا ہے؟ تو وہ کہتا کہ اگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم (مجھے) قتل کریں گے تو خون والے کو قتل کریں گے (کہ جس کا بدلہ لیا جائے گا) اور اگر احسان کرو گے تو شکر گزار پر احسان کرو گے۔ اور اگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم مال و دولت چاہتے ہیں تو ہم آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو، جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم چاہیں گے دے دیں گے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کرام فدیہ لینا پسند کرتے تھے اور کہتے تھے اس کو قتل کرکے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کیا کریں گے (یعنی اس کا کچھ فائدہ نہیں ہوگا) چنانچہ نبی اکرام صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک دن اس پر احسان کیا (اور اُسے رہا کردیا) تو وہ مسلمان ہوگیا۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اُسے کھول دیا اور اُسے سیدنا ابو طلحہ رضی اللہ عنہ کے باغ میں بھیج دیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اُسے غسل کرنے کا حکم دیا تو اُس نے غسل کیا اور دو رکعت نماز ادا کی۔ تو بنی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تمہارے بھائی کا اسلام بہت خوب ہے۔“
تخریج الحدیث: صحيح بخاري
|