نصر بن علی جہضمی، محمد بن مثنیٰ اور ابن بشار نے ابن عرعرہ سے روایت کی۔الفاظ جہضمی کے ہیں۔انھوں نے کہا: مجھے عرعرہ نے حدیث بیان کی، انھوں نے کہا: ہمیں شعبہ نے یو نس بن عبید سے حدیث بیان کی، انھوں نے ثابت بنانی سے، انھوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی، کہا: میں حضرت جریر بن عبد اللہ بجلی رضی اللہ عنہ کے ساتھ سفر کے لیے نکلا، وہ (اس سفر میں) میری خدمت کرتے تھے، میں نے ان سے کہا: ایسا نہ کریں، انھوں نے کہا کہ میں نے (جب) انصار کو دیکھا کہ وہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ (خدمت و تواضع) کا سلوک کرتے ہیں تو میں نے قسم کھا ئی کہ میں جب بھی کسی انصاری کے ساتھ ہوں گا تو اس کی خدمت کروں گا۔ ابن مثنیٰ اور ابن بشار نے اپنی اپنی حدیث میں مزید یہ بیان کیا، (ابن مثنیٰ نے کہا) حضرت جریر رضی اللہ عنہ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے بڑے تھے ابن بشار نے کہا: حضرت انس رضی اللہ عنہ سے عمر میں زیادہ تھے۔
حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں،میں ایک سفر میں جریر بن عبداللہ بجلی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی معیت میں نکلا اور وہ میری خدمت کرتے تھے،میں نے ان سے کہا،ایسا نہ کیجئے تو انہوں نے جواب دیا،میں نے انصار کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ایک کام(محبت وخدمت کرتے)دیکھا ہے،(اس لیے میں نے) قسم اُٹھائی ہے کہ میں ان میں سے جس کابھی رفیق سفر بنوں گا،اس کی خدمت کروں گا۔"ابن بشار کہتے ہیں،حضرت جریر رضی اللہ تعالیٰ عنہ حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سےعمر رسیدہ تھے،ایک روایت میں ہے،جریر رضی اللہ تعالیٰ عنہ،انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سےبڑے تھے۔