عائشہ بنت طلحہ نے ام المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی، کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا؛"تم میں سب سے جلدی میرے ساتھ آملنے والی (میری وہ اہلیہ ہوگی جو) تم میں سب سے لمبے ہاتھوں والی ہے۔" انھوں نے کہا: ہم لمبائی ناپا کرتی تھیں کہ کس کے ہاتھ لمبے ہیں۔ انھوں نے کہا: اصل میں زینب ہم سب سے زیادہ لمبے ہاتھوں والی تھیں کیونکہ وہ ا پنے ہاتھوں سے کام کرتیں اور (اس کی اجرت) صدقہ کرتی تھیں۔
ام المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بیان کرتی ہیں،رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:تم میں سے سب سے پہلے مجھے،لمبے ہاتھوں والی ملےگی۔"حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بیان کرتی ہیں،چنانچہ ازواج مطہرات،اپنے ہاتھوں کی پیمائش کرتی تھیں کہ ان میں سے سب سے لمبے ہاتھ کس کے ہیں؟وہ بیان کرتی ہیں،ہم میں سے سب سے لمبے ہاتھ زینب رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے تھے،کیونکہ وہ اپنے ہاتھوں سے کام کرکے صدقہ کرتی تھیں۔