ابرا ہیم (بن سعد) نے ابن شہاب سے، انھوں نے عبید اللہ بن عبد اللہ بن عتبہ بن مسعود سے، انھوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت کی، کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خیر (اچھی چیزوں) میں تمام انسانوں میں سے زیادہ سخی تھے۔اور آپ رمضان کے مہینے میں سخاوت میں بہت ہی زیادہ بڑھ جا تے تھے۔جبرئیل علیہ السلام ہر سال رمضان کے مہینے میں اس کے ختم ہو نے تک (روزانہ آکر) آپ سے ملتے تھے۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ان کے سامنے قرآن مجید کی قراءت فرماتے تھے۔اور جب حضرت جبرئیل علیہ السلام آپ سے آکر ملتے تھے تو آپ خیر (کے عطا کرنے) میں بارش برسانے والی ہواؤں سے بھی زیادہ سخی ہو جا تے تھے۔
حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما بیان کرتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خیر (کسی کی بھلائی و ہمدردی) میں سب لوگوں سے زیادہ سخی تھے۔ اور آپصلی اللہ علیہ وسلم کی سخاوت سب سے زیادہ رمضان میں ہوتی تھی، جبریل علیہ السلام ہر سال رمضان میں، مہینہ کے ختم ہونے تک آپصلی اللہ علیہ وسلم کو ملتے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس پر قرآن پیش کرتے، (دور کرتے) تو جب آپصلی اللہ علیہ وسلم کو جبریل علیہ السلام ملتے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم چلتی ہوا سے بھی زیادہ بھلائی پہنچانے میں سخی ہوتے۔