جماع أَبْوَابِ فَضَائِلِ الْمَسَاجِدِ وَبِنَائِهَا وَتَعْظِيمِهَا مساجد کے فضائل، ان کی تعمیر اور ان کی تعظیم و تکریم کے متعلق ابواب کا مجموعہ 818. (585) بَابُ تَطْيِيبِ الْمَسَاجِدِ مساجد کو خوشبو سے معطر کرنے کا بیان
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے ہاتھ مبارک سے بلغم یا تُھوک کو رگڑ کر صاف کر دیا پھر اُس پر زعفران منگوا کر اُس کی لیپ کردی۔ سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں، اس لئے مساجد میں زعفران لگایا جاتا ہے۔
تخریج الحدیث: اسناده صحيح
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مسجد کے قبلہ رخ ناک کی ریزش لگی دیکھی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا چہرہ مبارک (غصّے کی وجہ سے) سرخ ہوگیا، تو ایک انصاری عورت آئی، اُس نے اس گندگی کو کھرچ کر صاف کردیا، اور اس کی جگہ پر زعفران سے بنی خوشبو لگا دی۔ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”یہ کتنا بہترین کام ہے۔“ امام ابوبکر رحمه الله فرماتے ہیں کہ یہ حدیث نہایت غریب ہے۔
تخریج الحدیث: اسناده جيد
|