حرام و ناجائز امور کا بیان हलाल और नाजाइज़ मामले ضرورت کے بغیر مانگنا جائز نہیں ہے “ बिना ज़रूरत मंगना जाइज़ नहीं ”
بنو اسد کے ایک آدمی (صحابی رضی اللہ عنہ) سے روایت ہے کہ میں اور میرے گھر والے بقیع غرقد میں اترے، تو میرے گھر والوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس جاؤ اور ہمارے لئے کھانے کے لئے کچھ چیز مانگو۔ وہ اپنی محتاجیاں اور ضرورتیں بیان کرنے لگے۔ پس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس گیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک آدمی دیکھا جو سوال کر رہا تھا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرما رہے تھے: ”میرے پاس تجھے دینے کے لئے کچھ بھی نہیں ہے“۔ پھر وہ آدمی یہ کہتے ہوئے غصے سے واپس لوٹا کہ میری زندگی کی قسم! آپ جسے چاہتے ہیں اسے نوازتے ہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”یہ مجھ پر (اس وجہ سے) غصہ کر رہا ہے کہ میرے پاس اسے دینے کے لیے کچھ نہیں ہے۔ تم میں سے اگر کوئی شخص (اس حالت میں) سوال کرے کہ اس کے پاس ایک اوقیہ چاندی یا اس کے برابر ہو گا تو اس نے لپٹ لپٹ کر سوال کیا۔“ اَسدی صحابی نے کہا: ہماری دودھ دینے والی اونٹنی تو ایک اوقیہ چاندی سے بہتر ہے۔ (امام) مالک نے فرمایا: اوقیہ چالیس درہم کو کہتے ہیں۔ اسدی (صحابی رضی اللہ عنہ) نے فرمایا: پھر میں واپس چلا گیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے کچھ بھی نہیں مانگا۔ پھر اس کے بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس جَو اور خشک انگور لائے گئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس میں سے تقسیم کر کے ہمیں بھی دیا حتیٰ کہ اللہ نے ہمیں بے نیاز کر دیا۔
تخریج الحدیث: «174- الموطأ (رواية يحييٰ بن يحييٰ 999/2 ح 1949، ك 58 ب 2 ح 11) التمهيد 93/4 وقال ”وهو حديث صحيح“، الاستذكار:1886، و أخرجه ا النسائي (98/5، 99 ح 2597) من حديث ابن القاسم عن مالك، و أبوداود (1627) من حديث مالك به.»
اور اسی سند کے ساتھ (سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے) روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے منبر پر صدقے اور مانگنے سے اجتناب کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا: ”اوپر والا ہاتھ نیچے والے ہاتھ سے بہتر ہے، اوپر والا ہاتھ خرچ کرنے والا ہے اور نیچے والا مانگنے والا ہے۔“
تخریج الحدیث: «255- متفق عليه، الموطأ (رواية يحييٰ بن يحييٰ 998/2 ح 1946، ك 58 ب 2 ح 8) التمهيد 247/15، الاستذكار:1883، أخرجه البخاري (1429) و مسلم (1033/94) من حديث مالك به.»
اور اسی سند کے ساتھ (سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے) روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اور اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! اگر تم میں سے کوئی آدمی اپنی رسی لے، پھر لکڑیاں اکھٹی کر کے اپنی پیٹھ پر (رکھ کر) لے آئے تو یہ اس سے بہتر ہے کہ وہ کسی ایسے آدمی کے پاس جا کر مانگے جسے اللہ نے اپنے فضل (مال) سے نواز رکھا ہو۔ وہ اسے دے یا دھتکار دے۔“
تخریج الحدیث: «371- الموطأ (رواية يحييٰي بن يحييٰي 998/2، 999 ح 1948، نحو المعنيٰ، ك 58 ب 2 ح 10) التمهيد 320/18، الاستذكار: 1885، و أخرجه البخاري (1470) من حديث مالك به، وفي رواية يحيي بن يحيي: ”لان ياخذ“.»
|