كتاب الصدقات کتاب: زکاۃ و صدقات کے احکام و مسائل 14. بَابُ: إِنْظَارِ الْمُعْسِرِ باب: محتاج قرض دار کو قرض کی ادائیگی میں مہلت دینے کا بیان۔
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جو کسی تنگ دست پر آسانی کرے گا، تو اللہ تعالیٰ اس کے لیے دنیا اور آخرت میں آسانی فرمائے گا“۔
تخریج الحدیث: «تفرد بہ ابن ماجہ، (تحفة الأشراف: 12544)، وقد أخرجہ: سنن الترمذی/البیوع 67 (1306) (صحیح)»
قال الشيخ الألباني: صحيح
بریدہ اسلمی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جو کسی تنگ دست کو مہلت دے گا تو اس کو ہر دن کے حساب سے ایک صدقہ کا ثواب ملے گا، اور جو کسی تنگ دست کو میعاد گزر جانے کے بعد مہلت دے گا تو اس کو ہر دن کے حساب سے اس کے قرض کے صدقہ کا ثواب ملے گا“۔
تخریج الحدیث: «تفرد بہ ابن ماجہ، (تحفة الأشراف: 2012، ومصباح الزجاجة: 848)، وقد أخرجہ: مسند احمد (5/351، 360) (صحیح)» (سند میں ابوداود نفیع بن الحارث ضعیف راوی ہیں، لیکن حدیث دوسرے طرق و شواہد سے صحیح ہے، ملاحظہ ہو: سلسلة الاحادیث الصحیحة، للالبانی: 86)
قال الشيخ الألباني: صحيح
صحابی رسول ابوالیسر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جو کوئی یہ چاہے کہ اللہ تعالیٰ اسے اپنے (عرش کے) سائے میں رکھے، تو وہ تنگ دست کو مہلت دے، یا اس کا قرض معاف کر دے“۔
تخریج الحدیث: «صحیح مسلم/الزہد 18 (3006)، (تحفة الأشراف: 11123)، وقد أخرجہ: مسند احمد (3/427)، سنن الدارمی/البیوع 50 (2630) (صحیح)»
قال الشيخ الألباني: صحيح
حذیفہ رضی اللہ عنہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ ایک شخص مر گیا تو اس سے پوچھا گیا: تم نے کیا عمل کیا ہے؟ تو اس کو یا تو یاد آیا یا یاد لایا گیا، اس نے کہا: میں سکہ اور نقد کو کھوٹ کے باوجود لے لیتا تھا، اور تنگ دست کو مہلت دیا کرتا تھا، اس پر اللہ تعالیٰ نے اس کو بخش دیا۔ ابومسعود رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے اسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے ۱؎۔
تخریج الحدیث: «صحیح البخاری/البیوع 17 (2077)، الاستقراض 5 (2391)، الأنبیاء 54 (3451)، الرقاق 25 (6480)، صحیح مسلم/المساقاة 6 (1560)، (تحفة الأشراف: 3310)، وقد أخرجہ: سنن النسائی/الجنائز 117 (2082)، سنن الترمذی/البیوع 67 (1307)، مسند احمد (5/395، 399)، سنن الدارمی/البیوع 14 (2588) (صحیح)»
وضاحت: ۱؎: یعنی کوئی کھوٹا سکہ یا نقدی دیتا تو بھی میں اسے قبول کر لیتا تھا۔ قال الشيخ الألباني: صحيح
|