جماع أَبْوَابِ صَلَاةِ التَّطَوُّعِ بِاللَّيْلِ رات کی نفلی نماز (تہجّد) کے ابواب کا مجموعہ 745. (512) بَابُ ذِكْرِ الْخَبَرِ الدَّالِّ عَلَى أَنَّ هَذِهِ الْأَخْبَارَ الثَّلَاثَةَ الَّتِي ذَكَرْتُهَا لَيْسَتْ بِمُتَضَادَّةٍ وَلَا مُتَهَاتِرَةٍ اس حدیث کا بیان جو اس بات کی دلیل ہے کہ وہ تین احادیث جو میں نے ذکر کی ہیں، وہ باہم متعارض اور متضاد نہیں ہیں
تخریج الحدیث:
جناب مسروق سے روایت ہے کہ وہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کی خدمت میں حاضر ہوئے اور اُن سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز کے متعلق پوچھا تو اُنہوں نے فرمایا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم رات کو تیرہ رکعات پڑھا کرتے تھے، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے گیارہ رکعات پڑھنا شروع کر دیں اور دو رکعت چھوڑ دیں، پھر جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات ہوئی تو اس وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم نو رکعات رات کو پڑھتے تھے، رات کے وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی آخری نماز وتر ہوتی تھی، پھر بعض اوقات آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے اس بستر پر تشریف لے آتے (اور آرام کرتے) پھر سیدنا بلال رضی اللہ عنہ آکر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو نماز کی اطلاع کرتے (تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نماز پڑھانے تشریف لے جاتے) امام ابوبکر رحمه الله فرماتے ہیں کہ ہم ان روایات کے مطابق عمل کرتے ہیں جو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز تہجّد کی تعداد کے متعلق ہم نے کتاب الکبیرمیں بیان کی ہیں - تعداد رکعات میں راویوں کا اختلاف اسی طرح کا ہے جیسے ان روایات میں ہے جو میں نے اس کتاب میں بیان کی ہیں - نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم بعض راتوں میں بعض راتوں سے زیادہ رکعات ادا کرتے تھے - چنانچہ تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواج مطہرات رضی اللہ عنہم اجمعین یا دیگر خواتین نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز تہجّد کی جو تعداد رکعات بیان کی ہے یا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز کی کوئی کیفیت بیان کی ہے تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے بعض راتوں میں اس تعداد اور اس کیفیت کے ساتھ نماز ادا کی ہے ـ اور یہ اختلاف جائز قسم سے ہے ـ لہٰذا نمازی کے لئے جائز ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے مروی کسی بھی تعداد اور کیفیت کے مطابق جو اسے پسند ہو، نماز ادا کرلے۔ کسی شخص کے لئے اس میں کوئی چیز ممنوع نہیں ہے۔
تخریج الحدیث: منكر
|