بَابٌ جَامِعٌ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے منقول متفرق روایات حدیث نمبر 1210
1210- سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: ایک شخص نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا، اس نے عرض کی: یارسول اللہ ( صلی اللہ علیہ وسلم )! میرے پاس ایک دینار موجود ہے (میں اس کا کیا کروں؟) نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم اسے اپنے اوپر خرچ کرو“۔
اس نے عرض کی: میرے پاس ایک اور بھی ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اسے تم اپنی اولاد پر خرچ کرو“! اس نے عرض کی: یارسول اللہ ( صلی اللہ علیہ وسلم )! میرے پاس ایک اور بھی ہے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اسے تم اپنے بیوی پر خرچ کرو“۔ اس نے عرض کی: یارسول اللہ ( صلی اللہ علیہ وسلم )! میرے پاس ایک اور بھی ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اسے تم اپنے خادم پر خرچ کرو“! اس نے عرض کی: یارسول اللہ ( صلی اللہ علیہ وسلم )! میرے پاس اور بھی ہے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم زیادہ بہتر جانتے ہوگے (کہ اسے کس پر خرچ کیا جائے؟)“۔ سعید نامی راوی کہتے ہیں: سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ یہ حدیث بیان کرلیتے تھے، تو یہ فرمایا کرتے تھے: تمہارا بچہ کہے گا مجھ پر خرچ کرو، مجھے کس کے سپرد کررہے ہو، تمہاری بیوی کہے گی: مجھ پر خرچ کرو، ورنہ مجھے طلاق دے دو، تمہارا خادم کہے گا: مجھ پر خرچ کرویا پھر مجھے فروخت کردو۔ تخریج الحدیث: «إسناده حسن،وأخرجه ابن حبان فى «صحيحه» برقم: 3337، 4233، 4235، والحاكم فى «مستدركه» برقم: 1519، والنسائي فى «المجتبیٰ» برقم: 2534، والنسائي فى «الكبریٰ» برقم: 2327، 9137، وأبو داود فى «سننه» برقم: 1691، والبيهقي فى «سننه الكبير» برقم: 15792، 15793، 15835، وأحمد فى «مسنده» برقم: 7537، 10225، وأبو يعلى فى «مسنده» برقم: 6616»
|