من كتاب الاحدود حدود کے مسائل 11. باب التَّعْزِيرِ في الذُّنُوبِ: جرائم پر تعزیر کا بیان
سیدنا ابوبردہ ہانی بن نیار رضی اللہ عنہ نے کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرمارہے تھے: ”حدود اللہ میں سے کسی حد کے سوا کسی کو دس کوڑوں سے زیادہ کی سزا نہ دی جائے۔“
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح والحديث متفق عليه، [مكتبه الشامله نمبر: 2360]»
اس روایت کی سند صحیح اور حدیث متفق علیہ ہے۔ دیکھئے: [بخاري 6848]، [مسلم 1708]، [ابن حبان 4452]، [تلخيص الحبير 79/4] وضاحت:
(تشریح حدیث 2350) تعزیر اس سزا کو کہتے ہیں جو حد سے کم ہوتی ہے اور یہ حسبِ حال قول و فعل دونوں طرح سے دی جاتی ہے، یہ عزر سے مأخوذ ہے جس کے معنی ہیں منع کرنا اور روکنا، اس کا نام ”تعزیر“ اس لئے رکھا گیا کہ یہ فعلِ قبیح سے روک دیتی ہے۔ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ جن جرائم اور گناہوں پر شریعت میں کوئی حد مقرر نہیں کی گئی حاکمِ وقت اپنی صواب دید سے اس حدیث سے مجرم کو سزا دے سکتا ہے جو دس کوڑوں سے زیادہ نہ ہو، امام احمد رحمہ اللہ اور دیگر علماء نے اس حدیث کے پیشِ نظر یہی کہا ہے لیکن حنفی و شافعی اس کے مخالف ہیں اور کہا ہے کہ دس کوڑوں سے زیادہ بھی سزا دی جاسکتی ہے جو مذکورہ بالا صریح اور واضح حدیث کے مخالف ہے۔ اللہ تعالیٰ سب کو حدیثِ رسول پیغمبرِ اسلام محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت و پیروی کی توفیق بخشے اور مخالفت سے بچائے، آمین۔ قال الشيخ حسين سليم أسد الداراني: إسناده صحيح والحديث متفق عليه
|