كتاب التطبيق کتاب: تطبیق کے احکام و مسائل 36. بَابُ: رَفْعِ الْيَدَيْنِ لِلسُّجُودِ باب: سجدہ کرتے وقت رفع یدین کرنے کا بیان۔
مالک بن حویرث رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو نماز میں جب آپ رکوع کرتے، اور جب رکوع سے اپنا سر اٹھاتے، اور جب سجدہ کرتے، اور جب سجدہ سے اپنا سر اٹھاتے ۱؎ رفع یدین کرتے دیکھا، یہاں تک کہ آپ اپنے دونوں ہاتھوں کو اپنے دونوں کانوں کی لو کے بالمقابل کر لیتے ۲؎۔
تخریج الحدیث: «تفرد بہ النسائي، (تحفة الأشراف: 11184)، وانظر حدیث رقم: 881 (صحیح)»
وضاحت: ۱؎: اس سے ثابت ہوتا ہے کہ آپ کبھی کبھار سجدہ میں جاتے اور سجدہ سے سر اٹھاتے وقت بھی رفع یدین کرتے تھے۔ ۲؎: گرچہ بعض علماء نے ”دونوں سجدوں میں جاتے اور ان سے سر اٹھاتے وقت رفع الیدین“ والے اس ٹکڑے کی تصحیح کی ہے، مگر اکثر علماء اور رفع یدین کے قائل ائمہ نے اس ٹکڑے کی تضعیف کی ہے، اس کے راوی ”قتادہ“ مدلس ہیں، اور انہوں نے اسے عنعنہ سے روایت کیا ہے اس باب میں دیگر روایات بھی کلام سے خالی نہیں ہیں، جب کہ سجدہ میں رفع یدین کرنے والی ابن عمر رضی اللہ عنہم کی روایت صحیحین کی ہے۔ قال الشيخ الألباني: صحيح
مالک بن حویرث رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے دونوں ہاتھ اٹھاتے ہوئے دیکھا، انہوں نے اسی کے مثل روایت ذکر کی۔
تخریج الحدیث: «تفرد بہ النسائي، وانظر حدیث رقم: 881 (بدون ذکر الزیادة)، (تحفة الأشراف: 11184) (صحیح)»
قال الشيخ الألباني: صحيح
مالک بن حویرث رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جب نماز میں داخل ہو جاتے .... پھر آگے انہوں نے اسی طرح کی حدیث ذکر کی، اس میں انہوں نے یہ اضافہ کیا ہے کہ ”جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم رکوع کرتے تو بھی ایسا ہی کرتے، اور جب رکوع سے سر اٹھاتے تو بھی، اور جب سجدہ سے سر اٹھاتے تو بھی“۔
تخریج الحدیث: «تفرد بہ النسائي، انظر حدیث رقم: 881 (بدون ذکر الزیادة)، (تحفة الأشراف: 11184) (صحیح)»
قال الشيخ الألباني: صحيح
|