جماع أَبْوَابِ صَدَقَةِ الْحُبُوبِ وَالثِّمَارِ اناج اور پھلوں کی زکوٰۃ کے ابواب کا مجموعہ 1613. (58) بَابُ الرُّخْصَةِ فِي تَقْدِيمِ الصَّدَقَةِ قَبْلَ حُلُولِ الْحَوْلِ عَلَى الْمَالِ، وَالْفَرْقِ بَيْنَ الْفَرْضِ الَّذِي يَجِبُ فِي الْمَالِ وَبَيْنَ الْفَرْضِ الْوَاجِبِ عَلَى الْبُدْنِ سال پورا ہونے سے پہلے مال کی زکوٰۃ ادا کرنے کی رخصت کا بیان اور مالی اور بدنی فرض زکوٰۃ میں فرق کا بیان
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے زکوٰۃ ادا کرنے کا حُکم دیا تو بعض طعنہ زن کہنے لگے کہ ابن جمیل، خالد بن ولید اور سیدنا عباس بن عبدالمطلب رضی اللہ عنہم نے زکوٰۃ دینے سے انکار کر دیا ہے۔
تخریج الحدیث: صحيح
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کو زکوٰۃ وصول کرنے کے لئے بھیجا۔ سیدنا عمررضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے زکوٰۃ ادا کرنے کا حُکم دیا تو آپ سے عرض کیا گیا کہ ابن جمیل، خالد بن ولید اور سیدنا عباس بن عبدالمطلب رضی اللہ عنہم نے زکوٰۃ ادا نہیں کی۔ اس پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ابن جمیل تو صرف اس لئے (زکوٰۃ ادا کرنا) ناپسند کرتا ہے کہ وہ فقیر تھا تو اللہ تعالیٰ نے اُسے غنی کردیا اور خالد بن ولید پر تم ظلم کرتے ہو (کہ اس سے زکوٰۃ طلب کرتے ہو) حالانکہ اس نے اپنی زرہیں اور غلام اللہ کے راستے میں وقف کر رکھے ہیں جبکہ سیدنا عباس بن عبدالمطلب رضی اللہ عنہ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے چچا ہیں۔ امام ابوبکر رحمه الله فرماتے ہیں کہ جناب ورقاء کی روایت میں ہے۔ رہے سیدنا عباس رضی اللہ عنہ جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے چچا ہیں تو ان کی زکوٰۃ دو گنا میرے ذمے ہے۔ اور جناب موسیٰ بن عقبہ کی روایت میں ہے کہ رہے عباس بن عبدالمطلب رضی اللہ عنہ تو ان کی زکوٰۃ ان کے لئے ہے اور اس کی مثل مزید بھی۔ جناب شعیب بن ابی حمزہ کی روایت میں ہے کہ رہے عباس بن عبدالمطلب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے چچا تو ان کی زکوٰۃ ان پر صدقہ ہے اور اس کے ساتھ اتنی مقدار اور بھی صدقہ ہے۔ چنانچہ جناب موسیٰ بن عقبہ کی یہ روایت کہ تو ان کی زکوٰۃ انہی کے لئے ہے اور اس کی مثل اور بھی۔ تو ممکن ہے اس کا معنی وہی ہو جو ورقاء کی روایت میں ہے کہ ان کی زکوٰۃ میرے ذمے ہے جبکہ جناب شعیب بن ابی حمزہ کی یہ روایت کہ ان کی زکوٰۃ ان پر صدقہ ہے تو اس کا معنی بھی یہی ہوسکتا ہے کہ ان کی زکوٰۃ میرے ذمے ہے۔ جیسا کہ میں نے اپنی کتابوں میں متعدد جگہوں پر بیان کیا ہے کہ عرب کہتے ہیں ”عَلَيْهِ“ (اس کے ذمے ہے) یعنی ”لَهُ“ (اس کے لئے ہے) اور عرب لوگ کہتے ہیں: ”وَلَهُ“ (اُس کے لئے ہے) یعنی ”عَلَيْهِ“ (اس کے ذمے ہے) (یعنی ”عَلٰی“ اور ”لَهُ“ ایک دوسرے کے معنوں میں مستعمل ہیں) جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے «أُولَٰئِكَ لَهُمُ اللَّعْنَةُ وَلَهُمْ سُوءُ الدَّارِ» [ سورة الرعد: 25 ] اس کا معنی ہے کہ ان پر لعنت ہے(لَهُمُ کا معنی عَلَیْھِمْ ہے) یہ بات ناممکن ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سیدنا عباس رضی اللہ عنہ کو ان کے مال میں واجب ہونے والی زکوٰۃ معاف کردیں اور پھر دوبارہ واجب زکوٰۃ ان سے وصول نہ کریں۔ حالانکہ سیدنا عباس رضی اللہ عنہ بنو ہاشم سے تعلق رکھتے ہیں جن پردیگر لوگوں کی زکوٰۃ حرام ہے تو پھر اُن پر اپنی ہی زکوٰۃ استعمال کرنا کیسے حلال ہوسکتا ہے؟ جبکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بیان فرما چکے ہیں کہ تنگی اور خوشحالی میں زکوٰۃ ادانہ کرنے والے شخص کو قیامت کے دن پچاس ہزار سال والے دن میں طرح طرح کے عذاب ہوںگے۔ یہ بات ہم اسی کتاب میں بیان کرچکے ہیں۔ لہٰذا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں یہ کیسے ممکن ہے کہ وہ اپنے چچا جو کہ باپ کی طرح ہوتا ہے، انہیں ان پر واجب زکوٰۃ معاف کر دیںگے حالانکہ وہ زکوٰۃ کے مستحقین کا حصّہ ہے یا آپ کیسے ان کے لئے زکوٰۃ ادا نہ کرنا حلال قرار دیںگے۔ میرے خیا ل میں کوئی بھی عالم دین اس کا گمان بھی نہیں کرسکتا۔ اس لئے روایت کے صحیح الفاظ یہ ہوںگے کہ ”زکوٰۃ ان کے لئے ہے“ یا ”ان کی زکوٰۃ دگنی میرے ذمے ہے“ کا معنی یہ ہے کہ میں نے عباس سے دو سال کی پیشگی زکوٰۃ وصول کرلی تھی اس لئے اب جو زکوٰۃ لوگوں کے مالوں میں واجب قراردی گئی ہے وہ عباس کی زکوٰۃ میرے ذمے ہے اور دوسری بار بھی میرے ذمے ہے۔ جیسا کہ حجاج بن دینار کی روایت میں ہے اگرچہ مجھے اس کی روایت میں تردد ہے۔ وہ سیدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ سیدنا عباس بن عبدالمطلب رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے وقت سے پہلے زکوٰۃ ادا کرنے کی اجازت طلب کی تو آپ نے انہیں رخصت دے دی۔
تخریج الحدیث: صحيح بخاري
امام صاحب نے گزشتہ حدیث ایک اور سند سے بیان کی ہے لیکن اس میں علی بن عبدالرحمان نے یہ الفاظ بیان نہیں کیے ”وقت سے پہلے ادا کرنے کی رخصت دی۔“
تخریج الحدیث: حسن
|