من كتاب الاطعمة کھانا کھانے کے آداب 34. باب في الْحَلْوَاءِ وَالْعَسَلِ: حلوے اور شہد کا بیان
ام المومنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میٹھی چیز (حلوہ وغیرہ) اور شہد پسند فرمایا کرتے تھے۔
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 2119]»
اس روایت کی سند صحیح اور حدیث متفق علیہ ہے۔ دیکھئے: [بخاري 4912، 5431]، [مسلم 1474]، [أبوداؤد 3715]، [ترمذي 1831]، [ابن ماجه 3323]، [أبويعلی 4741] وضاحت:
(تشریح احادیث 2110 سے 2112) رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو میٹھا اور شہد یقیناً پسند تھا جس طرح دستانے کا گوشت آپ صلی اللہ علیہ وسلم پسند فرماتے تھے، اور جب مل جاتا تو تناول فرماتے نہ ملتا تو کسی پر بوجھ نہ ڈالتے تھے، کبھی کوئی چیز طلب بھی کی تو حصولِ برکت اور فائدہ پہنچانے کے لئے طلب کی۔ اب کچھ لوگ حلوہ میٹھائی وغیرہ کھانا تو پسند کرتے اور دیگر سنّتوں کو پاؤں تلے روندتے ہیں، معلوم ہونا چاہیے کہ صرف حلوہ میٹھائی کھانا ہی سنّت نہیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاقِ کریمانہ کو اپنانا بھی ضروری ہے۔ قال الشيخ حسين سليم أسد الداراني: إسناده صحيح
|