من كتاب الاطعمة کھانا کھانے کے آداب 1. باب في التَّسْمِيَةِ عَلَى الطَّعَامِ: کھانے کے وقت بسم اللہ کہنے کا بیان
سیدنا عمر بن ابی سلمہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے کہا: ”بسم الله کہو (الله کا نام لو) اور اپنے سامنے سے کھاؤ۔“
تخریج الحدیث: «إسناده قوي، [مكتبه الشامله نمبر: 2062]»
اس حدیث کی سند قوی اور حدیث متفق علیہ ہے۔ دیکھئے: [بخاري 5376]، [مسلم 2022]، [أبوداؤد 3777]، [ترمذي 1857]، [ابن ماجه 3267]، [ابن حبان 5211]، [موارد الظمآن 1338]، [الحميدي 580] وضاحت:
(تشریح حدیث 2057) بخاری شریف میں ہے کہ سیدنا عمر بن ابی سلمہ رضی اللہ عنہ نے کہا: میں بچہ تھا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پرورش میں تھا اور کھاتے وقت میرا ہاتھ برتن میں چاروں طرف گھوما کرتا اس لئے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرمایا: ”بیٹے! بسم اللہ پڑھ لیا کرو، اور داہنے ہاتھ سے کھایا کرو، اور اپنے سامنے سے کھاؤ۔ “ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ اللہ کا نام لے کر کھانا شروع کرنا چاہیے۔ امام نووی رحمہ اللہ نے کہا: پوری بسم الله الرحمٰن الرحیم کہنا مستحب ہے، اور صرف بسم اللہ کہے تو یہ بھی کافی ہے، اگر شروع میں بھول جائے تو یاد آنے پر «بِسْمَ اللّٰهِ أَوَّلَهُ وَآخِرَهُ» کہنا چاہیے جیسا کہ دوسری روایت میں آگے آ رہا ہے۔ بسم اللہ کہنا اور دائیں ہاتھ سے کھانا واجب ہے جیسا کہ آگے آ رہا ہے، اسی طرح اپنے سامنے اور قریب سے کھانا بھی اسلامی آدابِ طعام میں سے ہے جو نہایت ہی شائستہ اور عمدہ عمل ہے۔ اِدھر اُدھر دوسروں کے سامنے سے لقمہ لینا یا کھانا بے ادبی اور ناشائستگی ہے۔ قال الشيخ حسين سليم أسد الداراني: إسناده قوي
ام المؤمنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنے چھ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے ساتھ کھانا تناول فرما رہے تھے کہ ایک دیہاتی آیا اور دو لقموں میں سارا کھانا چٹ کر گیا۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اگر اس نے کھانے سے پہلے اللہ کا نام لے لیا ہوتا تو تم سب کے لئے یہ کھانا کافی تھا، لہٰذا جب تم میں سے کوئی کھانا شروع کرے تو الله کا نام لے (یعنی بسم اللہ سے کھانا شروع کرے)، اور اگر بسم اللہ کہنا بھول جائے تو پھر (جب یاد آئے یا یاد دلایا جائے) «بِسْمِ اللّٰهِ أَوَّلَهٗ وَآخِرَهٗ» کہے۔“
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 2063]»
اس روایت کی سند صحیح ہے۔ دیکھئے: [أبوداؤد 3767]، [ترمذي 1858]، [ابن حبان 5214]، [موارد الظمآن 1341] قال الشيخ حسين سليم أسد الداراني: إسناده صحيح
ام کلثوم نے سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے مذکورہ بالا یہ حدیث روایت کی۔
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 2064]»
تخریج اوپر گذر چکی ہے۔ وضاحت:
(تشریح احادیث 2058 سے 2060) اس حدیث سے بھی بسم اللہ کہہ کر کھانا شروع کرنے کی اہمیت ثابت ہوئی، جو کہ باعثِ رحمت و برکت ہے، اگر شروع میں بھول جائے تو جب یاد آئے «بِسْمَ اللّٰهِ أَوَّلَهُ وَآخِرَهُ» کہنا چاہیے۔ قال الشيخ حسين سليم أسد الداراني: إسناده صحيح
|