كِتَابُ الْكَرَمِ وَ يَتِيمٌ كتاب الكرم و يتيم 75. بَابُ فَضْلِ مَنْ يَعُولُ يَتِيمًا مِنْ أَبَوَيْهِ اس شخص کی فضیلت جو ایسے یتیم کی پرورش کرتا ہے جس کے ماں باپ فوت ہو گئے ہیں
سیدنا مرہ بن عمرو فہری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میں اور یتیم کی کفالت کرنے والا جنت میں اس طرح ہوں گے (جیسے شہادت والی اور ساتھ والی انگلی ہے) یا جیسے یہ اور یہ انگلی (ساتھ ساتھ ہیں)۔“ سفیان نے درمیان والی انگلی اور انگوٹھے کے ساتھ والی میں شک کیا ہے (کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کون سی انگلی سے اشارہ فرمایا)۔
تخریج الحدیث: «صحيح: أخرجه الحميدي: 838 و المروزي فى البر و الصلة: 206 و الطبراني فى الكبير: 320/20 و الحارث فى مسنده كما فى البغية: 904 و البيهقي فى الآداب: 23 و ابن عبدالبر فى التمهيد: 245/16 - الصحيحة: 800»
قال الشيخ الألباني: صحيح
حسن بصری رحمہ اللہ سے روایت ہے کہ ایک یتیم ابن عمر رضی اللہ عنہما کے ساتھ کھانا کھاتا تھا۔ ایک روز انہوں نے کھانا منگوایا، پھر یتیم کو بلایا تو اسے موجود نہ پایا۔ جب کھانے سے فارغ ہوئے تو وہ آ گیا۔ سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما نے اس کے لیے دوبارہ کھانا طلب کیا تو کھانا ان کے پاس نہیں تھا تو خادم ستو اور شہد لے آیا۔ سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما نے فرمایا: یہی کھاؤ، اللہ کی قسم! تم گھاٹے میں نہیں رہے۔ حسن بصری رحمہ اللہ فرمایا کرتے تھے: اللہ کی قسم! سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما بھی گھاٹے میں نہیں رہے۔
تخریج الحدیث: «ضعيف: أخرجه أحمد فى الزهد: 1051 و المروزي فى البر و الصلة: 213 و ابن أبى الدنيا فى الجوع: 54 و أبونعيم فى الحلية: 299/1»
قال الشيخ الألباني: ضعيف
سیدنا سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میں اور یتیم کی کفالت کرنے والا جنت میں اس طرح ساتھ ہوں گے۔“ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی سبابہ اور درمیانی انگلی سے اشارہ کیا۔
تخریج الحدیث: «صحيح: أخرجه البخاري، الأدب، باب فضل من يعول يتيما: 6005 و أبوداؤد: 5150 و الترمذي: 1918 - الصحيحة: 800»
قال الشيخ الألباني: صحيح
حضرت ابوبکر بن حفص رحمہ اللہ سے روایت ہے کہ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما جب بھی کھانا کھاتے ان کے دسترخوان پر ضرور کوئی یتیم ہوتا۔
تخریج الحدیث: «صحيح: رواه أحمد فى الزهد: 1049 و الخرائطي فى مكارم الاخلاق: 652 و أبونعيم فى الحلية: 299/1»
قال الشيخ الألباني: صحيح
|