كتاب الأشربة عن رسول الله صلى الله عليه وسلم کتاب: مشروبات (پینے والی چیزوں) کے احکام و مسائل 13. باب مَا جَاءَ فِي التَّنَفُّسِ فِي الإِنَاءِ باب: پیتے وقت برتن میں سانس لینے کا بیان۔
انس بن مالک رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم برتن سے تین سانس میں پانی پیتے تھے اور فرماتے تھے: (پانی پینے کا یہ طریقہ) ”زیادہ خوشگوار اور سیراب کن ہوتا ہے“ ۱؎۔
۱- یہ حدیث حسن غریب ہے، ۲- اسے ہشام دستوائی نے بھی ابوعصام کے واسطہ سے انس سے روایت کی ہے، اور عزرہ بن ثابت نے ثمامہ سے، ثمامہ نے انس سے روایت کی ہے، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم برتن سے تین سانس میں پانی پیتے تھے۔ تخریج الحدیث: «صحیح مسلم/الأشربة 16 (2028/123)، سنن ابی داود/ الأشربة 19 (3727) (تحفة الأشراف: 1723)، و مسند احمد (3/119، 185، 211) (صحیح)»
وضاحت: ۱؎: معلوم ہوا کہ پینے والی چیز تین سانس میں پی جائے، اور سانس لیتے وقت برتن سے منہ ہٹا کر سانس لی جائے، اس سے معدہ پر یکبارگی بوجھ نہیں پڑتا، اور اس میں حیوانوں سے مشابہت بھی نہیں پائی جاتی، دوسری بات یہ ہے کہ پانی کے برتن میں سانس لینے سے تھوک اور جراثیم وغیرہ جانے کا جو خطرہ ہے اس سے حفاظت ہو جاتی ہے۔ قال الشيخ الألباني: صحيح، ابن ماجة (3416)
اس سند سے بھی انس بن مالک سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم برتن سے تین سانس میں پانی پیتے تھے۔ یہ حدیث حسن صحیح ہے۔
تخریج الحدیث: «صحیح البخاری/الأشربة 26 (5631)، صحیح مسلم/الأشربة 16 (2028/122)، سنن ابن ماجہ/الأشربة 18 (3416)، (تحفة الأشراف: 498)، و مسند احمد (3/119) (صحیح)»
قال الشيخ الألباني: صحيح، ابن ماجة (3416)
عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اونٹ کی طرح ایک سانس میں نہ پیو، بلکہ دو یا تین سانس میں پیو، جب پیو تو «بسم اللہ» کہو اور جب منہ سے برتن ہٹاؤ تو «الحمدللہ» کہو“۔
یہ حدیث غریب ہے۔ تخریج الحدیث: «تفرد بہ المؤلف (تحفة الأشراف: 5971) (ضعیف) (سند میں ابن عطاء بن ابی رباح مبہم راوی ہے)»
قال الشيخ الألباني: ضعيف، المشكاة (4278 / التحقيق الثاني) // ضعيف الجامع الصغير (6233) //
|