كتاب الأشربة عن رسول الله صلى الله عليه وسلم کتاب: مشروبات (پینے والی چیزوں) کے احکام و مسائل 16. باب مَا جَاءَ فِي كَرَاهِيَةِ التَّنَفُّسِ فِي الإِنَاءِ باب: پیتے وقت برتن میں سانس لینے کی کراہت کا بیان۔
ابوقتادہ رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب تم میں سے کوئی پانی پیئے تو برتن میں سانس نہ چھوڑے“ ۱؎۔
یہ حدیث حسن صحیح ہے۔ تخریج الحدیث: «صحیح البخاری/الوضوء 18 (153)، و 19 (154)، والأشربة 25 (5630)، صحیح مسلم/الطہارة 18 (267)، سنن ابی داود/ الطہارة 18 (31)، (تحفة الأشراف: 12105)، و مسند احمد (5/295، 296، 300، 309، 310) (صحیح)»
وضاحت: ۱؎: یہ حدیث بظاہر انس رضی الله عنہ کی اس حدیث کے معارض ہے «أن النبي صلى الله عليه وسلم كان يتنفس في الإناء ثلاثا» یعنی ”نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم برتن سے پانی تین سانس میں پیتے تھے“، ابوقتادہ کی حدیث کا مفہوم یہ ہے کہ اگر کوئی برتن سے پانی پیتے وقت برتن کو منہ سے ہٹائے بغیر برتن میں سانس لیتا ہے تو یہ مکروہ ہے، اور انس رضی الله عنہ کی حدیث کا مفہوم یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم برتن سے پانی تین سانس میں پیتے تھے، اور سانس لیتے وقت برتن کو منہ سے جدا رکھتے تھے، اس توجیہ سے دونوں میں کوئی تعارض باقی نہیں رہ جاتا۔ قال الشيخ الألباني: صحيح، صحيح أبي داود (23)
|