كتاب الأشربة عن رسول الله صلى الله عليه وسلم کتاب: مشروبات (پینے والی چیزوں) کے احکام و مسائل 9. باب مَا جَاءَ فِي خَلِيطِ الْبُسْرِ وَالتَّمْرِ باب: گدر (ادھ پکی) کھجور اور خشک کھجور ملا کر نبیذ بنانے کا بیان۔
جابر بن عبداللہ رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے «گدر» (ادھ پکی) کھجور اور تازہ کھجور کو ملا کر نبیذ بنانے سے منع فرمایا ۱؎۔
یہ حدیث حسن صحیح ہے۔ تخریج الحدیث: «صحیح البخاری/الأشربة (5601)، صحیح مسلم/الأشربة 5 (1986)، سنن ابی داود/ الأشربة 8 (3703)، سنن النسائی/الأشربة 8 (5562)، سنن ابن ماجہ/الأشربة 11 (3395)، (تحفة الأشراف: 2478)، و مسند احمد (3/294، 300، 302، 317، 363، 369) (صحیح)»
وضاحت: ۱؎: کیونکہ «خلیط» ہونے (دونوں کے مل جانے) سے اس میں تیزی سے نشہ پیدا ہوتا ہے، باوجود یہ کہ اس کا رنگ نہیں بدلتا ہے، اس لیے پینے والا یہ سمجھ بیٹھتا ہے کہ ابھی یہ نشہ آور نہیں ہے۔ قال الشيخ الألباني: صحيح، ابن ماجة (3395)
ابو سعید خدری رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے «گدر» (ادھ پکی) کھجور اور پختہ کھجور ایک ساتھ ملا کر نبیذ بنانے سے منع فرمایا: ”اور آپ نے مٹکوں میں نبیذ بنانے سے منع فرمایا ”۔
۱- یہ حدیث حسن صحیح ہے، ۲- اس باب میں جابر، انس، ابوقتادہ، ابن عباس، ام سلمہ اور «معبد بن کعب عن أمہ» رضی الله عنہم سے بھی احادیث آئی ہیں۔ تخریج الحدیث: «صحیح مسلم/الأشربة 5 (1987)، سنن النسائی/الأشربة 16 (5571)، (تحفة الأشراف: 4351)، و مسند احمد (3/3، 9، 49، 62، 71، 90) سنن الدارمی/الأشربة 14 (1257) (صحیح)»
قال الشيخ الألباني: صحيح
|