من كتاب الصيد شکار کے مسائل 8. باب في أَكْلِ الضَّبِّ: گوہ (ساہنہ) کے کھانے کا بیان
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے گوہ کے بارے میں پوچھا گیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”نہ میں اس کو کھاتا ہوں نہ حرام کہتا ہوں۔“
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 2058]»
اس روایت کی سند صحیح اور حدیث متفق علیہ ہے۔ دیکھئے: [بخاري 5536]، [مسلم 1943]، [ترمذي 1790]، [نسائي 4325]، [ابن حبان 5265]، [الحميدي 655] وضاحت:
(تشریح حدیث 2053) ضب ایک مشہور جنگلی جانور ہے جو صحرا میں پایا جاتا ہے اور بڑا طاقتور ہوتا ہے، اس کو سانڈا، ساہنہ، سوسمار وغیرہ بھی کہتے ہیں۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے کبھی کھایا نہیں تھا اس لئے دل نے ابا کیا، لیکن اپنے طبیعی رحجان اور ناپسندیدگی کے باوجود آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے کھانے سے منع نہیں کیا، لہٰذا اس کا کھانا جائز اور حلال ہے۔ ایک روایت ہے: آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میرے ملک میں اس کو نہیں کھاتے اس لئے مجھے کراہت لگتی ہے۔ “ قال الشيخ حسين سليم أسد الداراني: إسناده صحيح
سیدنا ثابت بن ودیعہ رضی اللہ عنہ نے کہا: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں ایک سانڈا لایا گیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ایک امت (تھی)، مسخ کر دی گئی، الله زیادہ جانتا ہے (وہ کون ہے)۔“
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 2059]»
اس حدیث کی سند صحیح ہے۔ دیکھئے: [أبوداؤد 3795]، [نسائي 4347]، [ابن ماجه 3238]، [أحمد 220/4]، [معجم الصحابة، ترجمة 131]، [ابن ابي شيبه 4415] وضاحت:
(تشریح حدیث 2054) ابوداؤد اور نسائی میں ہے کہ بنی اسرائیل کا ایک گروہ مسخ کر کے جانور بنا دیا گیا، میں نہیں جانتا وہ کونسا جانور ہے، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نہ کھایا اور نہ اس کے کھانے سے منع کیا۔ علامہ وحیدالزماں نے کہا: تو نہ کھایا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بطریقِ احتیاط وتورع کے، نہ بوجہ حرمت کے۔ دوسری حدیث سے معلوم ہوا کہ جو گروہ مسخ ہوا تھا وہ سب تین دن میں مر گئے (تھے)، پھر یہ شبہ جاتا رہا۔ [أبوداؤد حاشيه ف حديث 3795] ۔ قال الشيخ حسين سليم أسد الداراني: إسناده صحيح
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما نے خبر دی کہ سیدنا خالد بن الولید رضی اللہ عنہ نے (جو سیف الله (اللہ کی تلوار) کے لقب سے مشہور ہیں) خبر دی کہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ام المومنین سیدہ میمونہ رضی اللہ عنہا زوج النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے گھر میں داخل ہوئے، ام المومنین ان کی اور سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کی خالہ ہیں، ان کے یہاں بھنا ہوا ضب (سانڈا یا گوہ) موجود تھا جو ان کی بہن سیدہ حفيده بنت الحارث رضی اللہ عنہا نجد سے لائی تھیں، انہوں نے وہ بھنا ضب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں پیش کیا اور ایسا بہت کم ہوتا تھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کسی کھانے کی طرف اس وقت تک ہاتھ بڑھائیں جب تک آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس کے متعلق بتا نہ دیا جائے کہ یہ فلاں قسم کا کھانا ہے، لیکن اس دن آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بھنے ہوئے ضب کی طرف ہاتھ بڑھایا اتنے میں وہاں موجود عورتوں میں سے ایک نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو بتا دو جو تم نے ان کے سامنے پیش کیا ہے، انہوں نے کہا: یہ ضب ہے۔ یہ سن کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا ہاتھ اس بھنے ہوئے سانڈے سے ہٹا لیا، سیدنا خالد بن الولید رضی اللہ عنہ نے عرض کیا: یا رسول اللہ! کیا آپ اس کو حرام قرار دیتے ہیں؟ فرمایا: ”نہیں، لیکن چونکہ یہ میرے ملک میں نہیں پایا جاتا ہے اس لئے طبیعت گوارہ نہیں کرتی ہے“، سیدنا خالد بن الولید رضی اللہ عنہ نے کہا: لہٰذا میں نے اسے اپنی طرف کھینچ لیا اور (خوب) کھایا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم دیکھ رہے تھے، مجھے منع (بھی) نہ کیا۔
تخریج الحدیث: «إسناده ضعيف غير أن الحديث متفق عليه، [مكتبه الشامله نمبر: 2060]»
اس سند سے یہ روایت ضعیف لیکن دوسری اسناد سے صحیح متفق علیہ ہے۔ دیکھئے: [بخاري 5391]، [مسلم 1946]، [أبوداؤد 3794]، [نسائي 4327]، [ابن ماجه 3241]، [ابن حبان 5263، 5267]، [مجمع الزوائد 6146] وضاحت:
(تشریح حدیث 2055) اس حدیث سے بھی گوہ یا سانڈے کی حلت ثابت ہوئی اور اکثر اہلِ علم کا یہی قول ہے۔ بعض علماء نے مکروہ اور بعض نے حرام بھی کہا ہے لیکن صحیح یہی ہے کہ حلال ہے گرچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کو نہیں کھایا، جیسا کہ مذکورہ بالا حدیث سے ثابت ہے، اور ابوداؤد کی روایت جس میں اس کے کھانے کی ممانعت ہے وہ ضعیف ہے، قابلِ احتجاج نہیں۔ اسی طرح حرمت کی کوئی واضح حدیث نہیں ہے، اسی لیے یہاں سعودی عرب میں یہ جانور خوب کھایا جاتا ہے۔ واللہ اعلم۔ قال الشيخ حسين سليم أسد الداراني: إسناده ضعيف غير أن الحديث متفق عليه
|