قرآن و تفسیر کا بیان क़ुरआन और उसकी तफ़्सीर سورۂ اخلاص کی فضیلت “ सूरत अल-इख़लास की फ़ज़ीलत ”
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ آیا تو ایک آدمی کو «قُلْ هُوَ اللَّـهُ أَحَدٌ . اللَّـهُ الصَّمَدُ . لَمْ يَلِدْ وَلَمْ يُولَدْ . وَلَمْ يَكُن لَّهُ كُفُوًا أَحَدٌ» ”کہہ دو! وہ اللہ اکیلا ہے، اللہ بے نیاز ہے، نہ اس سے کوئی پیدا ہوا اور نہ وہ کسی سے پیدا ہوا اور اس کا کوئی شریک نہیں ہے۔“ (سورة الاخلاص) کی تلاوت کرتے ہوئے سنا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”واجب ہو گئی۔“ میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا: یا رسول اللہ! کیا واجب ہو گئی؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جنت۔“، سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: میں نے ارادہ کیا کہ جا کر اس آدمی کو خوشخبری دوں لیکن پھر مجھے یہ خدشہ لاحق ہوا کہ مجھ سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ دوپہر کا کھانا رہ جائے گا تو میں نے کھانے کو ترجیح دی، پھر اس آدمی کی طرف گیا تو وہ جا چکا تھا۔، عبیداللہ الاغر کی حدیث زید بن رباح کے ساتھ گزر چکی ہے [ ح۱۸۶] اور الملخص کا دوسرا جزء مکمل ہوا۔، والحمدللہ اس میں جن لوگوں سے (امام) مالک نے روایتیں بیان کی ہیں ان کی تعداد تیس آدمی ہے اور (ابوالحسن القابسی کی ترقیم کے مطابق) ان کی کل حدیثیں دو سو چونتیس ہیں۔
تخریج الحدیث: «382- الموطأ (رواية يحييٰي بن يحييٰي 208/1، ح 487، ك 15 ب 6 ح 18) التمهيد 215/19، الاستذكار: 456، و أخرجه الترمذي (2897 وقال: هٰذا حديث حسن، إلخ) و النسائي (171/2، ح 995) من حديث مالك به وصححه الحاكم (566/1) ووافقه الذهبي، من رواية يحيي بن يحيي، وسقط من الأصل.»
قال الشيخ زبير على زئي: سنده حسن
سیدنا ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک آدمی نے دوسرے آدمی کو «قُلْ هُوَ اللَّـهُ أَحَدٌ» پڑھتے ہوئے سنا، وہ اسے بار بار پڑھ رہا تھا، سننے والے آدمی نے صبح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس بارے میں بتایا، گویا وہ اسے بہت تھوڑا عمل سمجھ رہا تھا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:”اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! بے شک یہ (سورہ اخلاص) ایک تہائی قرآن کے برابر ہے۔“
تخریج الحدیث: «391- الموطأ (رواية يحييٰي بن يحييٰي 208/1، ح 486، ك 15 ب 6 ح 17) التمهيد 227/19، الاستذكار: 455، و أخرجه البخاري (5013) من حديث مالك به.»
قال الشيخ زبير على زئي: سنده صحيح
|